مانچسٹر: (ویب ڈیسک) آئی سی سی کرکٹ ورلڈکپ کے پہلے سیمی فائنل میں نیوزی لینڈ نے بھارت کا غرور خاک میں ملا دیا۔ 240 کے ہدف کے تعاقب میں کوہلی الیون 221 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ کوہلی، روہت شرما، راہول سمیت دیگر بڑے بیٹسمین ریت کی دیوار ثابت ہوئے۔ جڈیجا نے 77 رنز کی مزاحمتی اننگز کھیلی۔ میٹ ہینری نے تین شکار کیے۔ کیویز ٹیم نے مقررہ اوورز میں 239 رنز بنائے تھے۔ ٹیلر74، ولیمسن نے 67 رنز کی شاندار باری کھیلی تھی۔ بھونیشور کمار نے تین وکٹیں حاصل کی تھیں۔ کیویز ٹیم مسلسل دوسری مرتبہ میگا ایونٹ کے فائنل میں پہنچی جبکہ 2015ء کی طرح انڈین ٹیم اس بار بھی سیمی فائنل میں شکست کھا بیٹھی۔
مکمل سکور بورڈ دیکھیں
بھارت کی اننگز۔۔۔۔۔۔
ہدف کے تعاقب میں بھارت کی طرف سے روہت شرما اور لوکیش راہول نے اننگز کا آغاز کیا، کیویز باؤلر میٹ ہینری نے دوسرے ہی اوور میں میگا ایونٹ میں رنز کے انبار لگانے والے روہت شرما کو پویلین بھیج دیا۔ انہوں نے ایک رن بنائے۔ تیسرے اوور میں ٹرینٹ بولٹ نے ویرات کوہلی کو ایل بی ڈبلیو کر دیا۔ چوتھے اوورز کی پہلی گیند پر ایک مرتبہ پھر میٹ ہینری نے شاندار گیند کر کے لوکیش راہول کی وکٹ حاصل کی، وکٹ کیپر ٹام لیتھم نے کیچ تھاما۔ بیٹسمین صرف ایک رن بنا سکے۔
وکٹ گنوانے کے بعد بھارتی ٹیم نے محتاط انداز میں بیٹنگ کرنے کی کوشش کی تاہم حریف باؤلرز کی شاندار باؤلنگ کے سامنے بیٹسمین کچھوے کی چال کی طرح بیٹنگ کرتے رہے، 10 اوورز کی آخری گیند پر میٹ ہینری نے دنیش کارتک کی وکٹ حاصل کی، انہوں نے 25 گیندوں پر 6 رنز بنائے۔ جیمی نیشام نے بیٹسمین کا کیچ تھاما۔
اس دوران رشب پانٹھ نے مزاحمتی اننگز کھیلنے کی کوشش کی اور ہردیک پانڈیا کیساتھ مل کر ٹیم کے سکور کو آگے بڑھایا، دونوں نے 47 رنز کی پارٹنر شپ بنائی جو سپنر مچل سینٹر نے توڑی، لیفٹ ہینڈ بیٹسمین رشب پانٹھ جلد بازی میں وکٹ گنوا بیٹھے، انہوں نے 56 گیندوں پر 32 رنز بنائے۔ ہر دیک پانڈیا 62 گیندوں پر 32 رنز بنا کر غیر ذمہ دارانہ شاٹ کھیل کر پویلین لوٹ گئے۔ مچل سینٹر کی گیند پر کپتان ولیمسن نے شاندار کیچ تھاما۔
آل راؤنڈر روینڈرا جڈیجا نے جارحانہ بیٹنگ کی۔ 208 کے مجموعی سکور پر 59 گیندوں پر 77 رنز کی باری کھیل کر بولٹ کو وکٹ دے بیٹھے۔ وکٹ کیپر دھونی 71 گیندوں پر 50 سکور بنا کر جلد بازی میں رن آؤٹ ہو گئے۔
بھارت کی ٹیم 221 رنز بنا سکی۔ میٹ ہینری نے تین کھلاڑیوں کو پویلین واپس بھیجا۔
نیوزی لینڈ کی اننگز۔۔۔۔
اس سے قبل نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ مارٹن گپٹل اور نکولس نے اننگز کا آغاز کیا۔ تاہم کیویز ٹیم نے محتاط انداز میں بیٹنگ کرتے ہوئے سکور کو آگے بڑھانے کی کوشش کی، تاہم اوپنر گپٹل پورے ایونٹ کی طرح اس بار بھی سیمی فائنل مرحلے میں ناکام رہے اور 14 گیندوں پر ایک رن بنا کر فاسٹ باؤلر بمرا کا شکار بن گئے، کوہلی نے ان کا سلپ میں شاندار کیچ تھاما۔
کپتان ولیمسن اور نکولس نے سکور آگے بڑھانے کی کوشش کی تاہم دونوں نے بھی کچھوے کی چال کی طرح بیٹنگ کی، 68 رنز کی پارٹنر شپ بنائی جس کا اختتام سپنر جڈیجا نے کیا۔ نکولس 51 گیندوں پر 28 سکور بنا کر سپنر کی شاندار گیند پر بولڈ ہو گئے۔ کپتان کین ولیمسن نے 95 گیندوں پر 67 سکور کی باری کھیلی اور چاہل کی گیند پر جڈیجا کو کیچ دے بیٹھے۔ جیمی نیشام 12 سکور بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ بیٹسمین کو پانڈیا نے آؤٹ کیا۔ کولن ڈی گرینڈ ہوم کی مزاحمت 16 رنز پر دم توڑ گئی۔ بھونیشور کمار کی گیند پر دھونی نے کیچ پکڑا۔
روز ٹیلر 74 سکور کی شاندار باری کھیل کر رویندرا جڈیجا کی گیند پر رن آؤٹ ہو گئے۔ ٹام لیتھم نے 10 سکور بنائے۔ ہینری ایک رن بنا کر پویلین چلتے بنے۔ بھونیشور کمار نے ان کی وکٹ حاصل کی۔ کیویز کی ٹیم نے مقررہ اوورز میں 239 رنزبنائے۔ بھونیشور کمار نے تین، بمرا، پانڈیا، جڈیجا،چاہل نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔