کھٹمنڈو (سچ نیوز) نیپال کی حکومت نے ملک میں بڑھتے ہوئے جنسی جرائم روکنے کیلئے فحش ویب سائٹس پر پابندی لگا دی۔ غیر ملکی ذرائع ابلاغ کی رپورٹ کے مطابق حکومت کا یہ اقدام رواں سال جولائی میں ایک 13 سالہ لڑکی کے ریپ اور قتل کے بعد ردعمل کے طور پر سامنے آیا ہے، جس کے خلاف قومی سطح پر سخت غم و غصے کا اظہار کیا گیا تھا۔ 13 سالہ لڑکی کے ریپ اور قتل کے بعد حکومت کی جانب سے اقدامات نہ اٹھائے جانے پر نیپال میں احتجاج اور پْر تشدد مظاہروں کا سلسلہ شروع ہوا تھا جس میں ایک شخص ہلاک اور ایک درجن کے قریب افراد زخمی ہوگئے تھے۔بعد ازاں حکومت نے مذکورہ مظاہروں کو حکمراں جماعت کے خلاف سازش سے منسوب کیا تھا۔ حکومت نے گزشتہ ہفتے ہونے والی تنقید کے رد عمل میں ملک میں کریک ڈاؤن کا آغاز کرتے ہوئے انٹرنیٹ پر موجود پورنوگرافی اور قابل اعتراض مواد پر پابندی لگا دی تھی۔