ایمسٹر ڈیم (سچ نیوز) رائل نیدر لینڈز ایئر فورس کا ایک ایف 16 طیارہ اپنے ہی ایمونیشن کے باعث تباہ ہوگیا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق شمالی نیدرلینڈز میں ایف 16 طیارے جنگی مشقوں میں مصروف تھے کہ اسی دوران ایک ایف 16 طیارے کو اپنے ہی ایمونیشن کے باعث بھاری نقصان اٹھانا پڑا۔ اگرچہ طیارے کے حوالے سے زیادہ تفصیلات تو سامنے نہیں آسکی ہیں لیکن بعض میڈیا رپورٹس کے مطابق طیارے نے خود ہی اپنے آپ کو نشانہ بنایا اور تباہ ہوگیا۔
ایف 16 طیارے پر M61A1 گن استعمال ہوتی ہے جو ایک منٹ میں 6000 راﺅنڈز فائر کرسکتی ہے۔ اس گولی کی رفتار 3 ہزار 450 فٹ فی سیکنڈ ہوتی ہے جبکہ ایف 16 طیارہ ایک سیکنڈ میں 2200 فٹ کا فاصلہ طے کرتا ہے۔ ماہرین کا خیال رہے کہ سپیڈ میں اتنا زیادہ فرق ہونے کے باعث یہ ممکن نہیں ہے کہ ایف 16 طیارہ اپنی ہی گولی کا نشانہ بن سکے کیونکہ جب تک طیارہ گولی کی جگہ پر پہنچے گا گولی اس سے کافی آگے جاچکی ہوگی۔
ایوی ایشن کے شعبے پر گہری نظر رکھنے والے بعض صحافی اس واقعے کا 21 ستمبر 1956 کو پیش آنے والے حادثے کے ساتھ موازنہ کر رہے ہیں۔ اس وقت امریکن نیوی کا ایک گرومین ایف 11 ایف ٹائیگر پرواز کے دوران اپنے ہی 20mm کے شیل سے نشانہ بن گیا تھا۔ اس حادثے میں طیارہ مکمل طور پر تباہ جبکہ پائلٹ شدید زخمی ہوا تھا۔