لاہور( روزنامہ سچ ) :چیئرمین نیب نے کہا ہے کہ ملک سے بدعنوانی کا خاتمہ پوری قوم کی آواز ہے، قومی احتساب بیورو کا کسی سیاسی پارٹی سے کوئی تعلق نہیں ہے۔
قومی احتساب بیورو (نیب) کے چیئرمین جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال نے لاہور کا ایک روزہ دورہ کیا اور میگا کرپشن مقدمات اور ادارے کی مجموعی کارکردگی کا جائزہ لیا۔
اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ میگا کرپشن مقدمات کو قانون کے مطابق منطقی انجام تک پہنچانا نیب کی اولین ترجیح ہے، نیب کسی کیخلاف انتقامی کارروائی پر یقین نہیں رکھتا، نیب کی پہلی اور آخری وابستگی پاکستان اور صرف پاکستان ہے، قومی ادارہ تمام شکایات، انکوائریوں اور انوسٹیگیشنز کو ٹھوس شواہد اور قانون کے مطابق انجام تک پہنچانے کیلئے کوشاں ہے۔
چیئرمین نیب نے پنجاب یونیورسٹی کے اساتذہ کو ہتھکڑی لگائے جانے کے واقعہ کا بھی سختی سے نوٹس لیا اور اس معاملے پر انکوائری کمیٹی کی رپورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے نیب لاہور کے ایڈیشنل ڈائریکٹر محمد رفیع کو فوری طور پر معطل کے احکامات جاری کیے جبکہ پنجاب پولیس کے اے ایس آئی کو بھی معطل کرنے کیلئے آئی جی پی کو سفارش جاری کی۔
اس حوالے سے پنجاب یونیورسٹی کے پروفیسرز پر مشتمل وفد نے چیئرمین نیب سے ملاقات کی۔ جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال کی جانب سے وفد کو معاملے پر بھرپور انصاف کی یقین دہانی کرائی اور کیس کی انویسٹی گیشن ٹیم کے حوالے کرنیکے احکامات صادر کیے۔ اس کے علاوہ چیئرمین نیب نے ڈاکٹر مجاہد کامران اور دیگر زیر حراست رجسٹرارز سے بھی ملاقات کی۔