اسلام آباد(سچ نیوز) مسلم لیگ ن کے رہنما رانا ثناءاللہ نے کہاہے کہ نیب قانون میں ترمیم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے ہمارا کوئی مطالبہ نہیں ، ہم نے حکومت سے کہاہے کہ ڈرافٹ بنا کر ہمارے حوالے کریں ۔دنیانیوز کے پروگرام ”دنیا کامران خان کے ساتھ“ میں گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنا ءاللہ نے کہا کہ نیب نے کسی حکومتی شخصیت کو ابھی تک گرفتار نہیں کیا ، البتہ بابر اعوان کیخلاف ریفرنس ضرور دائر کیا گیاہے ۔انہوں نے کہا کہ نیب قانون میں دوتین ترامیم پر اپوزیشن کو کوئی اعتراض نہیں اورحکومت کو بھی اس کااحساس ہونا چاہئے ۔انہوں نے کہا کہ نیب کے گرفتاری کے اختیار کا کوئی قاعدہ اور ضابطہ نہیں ہے جس کو چاہتے ہیں گرفتار کرلیتے ہیں اور جس کوچاہتے ہیں گرفتار نہیں کرتے ۔ ان کاکہناتھاکہ نیب قانون میں کچھ چیزیں ایسی ہیں جن میں حکومت ، پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن کی ملاقاتیں ہورہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے یہ بات واضح کردی ہے کہ نیب قانون میں ترمیم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے ہمارا کوئی مطالبہ نہیں ، ہم نے کہا ہے کہ آپ ڈرافت بنا کر ہمارے حوالے کریں ، ہم اس پر اپنی قیادت سے مشورہ کریں گے ۔