کراچی(سچ نیوز)امیرجماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ نیب اپنے کردار کو متنازعہ نہ بنائے ،کرپٹ عناصر کے خلاف نتیجہ خیز کاروائی کی جائے ، انتخابات میں دھاندلی پر بننے والا پارلیمانی کمیشن ایک وفاقی وزیر کی سربراہی میں کیسے غیر جانبدارانہ کارروائی کرے گا؟گیس ، پیٹرول اور بجلی کی قیمتوں میں اضافہ سے مہنگائی کا طوفان آئے گا، کشمیر پر وزیر خارجہ نے اقوام متحدہ میں دو ٹوک موقف پیش کیا تاہم حکومت عملی اقدامات بھی کرے۔منصورہ ہالہ سندھ میں میڈیا نمائندوں سےگفتگو کرتے ہوئے سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ جماعت اسلامی غیر جانبدارانہ احتساب چاہتی ہے ،جن لوگوں نے سرکاری خزانہ لوٹا ، اقتدار میں ناجائز فائدے اٹھائے اور بنکوں سے قرضے معاف کرائے انہیں احتساب کے کٹہرے میں لانا چاہیئے۔انہوں نے کہاکہ اس میں شک نہیں کہ انتخابات میں دھاندلی ہو ئی ہے ،پی ٹی آئی کے سوا ملک کی تمام ہی سیاسی جماعتوں نے ان پر اپنے تحفظات کا اظہار کیا ہے حکومت دھاندلی کی تحقیقات کے لیے ادارہ بنانے کے لیے تیار ہو گئی ہے لیکن پارلیمانی تحقیقاتی کمیشن کا سربراہ حزب اختلاف سے ہو نا چاہیئے تھا لیکن حکومت نے ایک وفاقی وزیر کو اس کا سربراہ بناکر اس کے کردار کو مشکوک بنادیا ہے ۔انہوں نے کہاکہ مدینہ کی ریاست بنانے کا تقاضا ہے کہ ملک سے سود کا فوری خاتمہ کیا جائے اور ریاست مدینہ کے زرین اصولوں کو اپنایا جائے ،ہم تعاون کریں گے ۔انہوں نے کہاکہ حکومت نے ایک سو دن میں وعدوں کی تکمیل کا دعویٰ کیا ہے لیکن انہوں نے آتے ہی پیٹرول ، گیس اور بجلی کی قیمتوں میں بیش بہا اضافہ کردیا ہے، 1800دیگر اشیاءکو بھی مہنگا کیا گیا ہے، اس سے مہنگائی کا طوفان آئے گا اور غریب و متوسط آدمی بری طرح متاثر ہو گا۔ انہوں نے کہاکہ یہ بات واضح ہو گئی ہے کہ حکومت آئی ایم ایف کی طرف جائے گی اس کے جال میں پھنس کر ملک کو مزید قرضوں کے بوجھ تلے دبایا جائے گا اور آئی ایم ایف کی ڈکٹیشن پر بجلی ، گیس اور پٹرولیم کی قیمتوں میں مزید اضافہ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی ڈیموں کی تعمیر کی حامی ہے تاہم ڈیمز صرف چندے سے نہیں بنیں گے ،حکومت کو بجٹ میں اس کے لیے رقم مختص کرنی چاہیئے تھی،ڈیمز نہ ہو نے سے ہماری زمینیں بنجر ہو رہی ہیں، سندھ میں بھی کاشت کار پانی کی کمی پر واویلا کررہے ہیں، حکومت غیر ترقیاتی اخراجات کم کرکے ڈیمز کے لیے رقم بچائے۔ انہوں نے کہاکہ اقوام متحدہ میں وزیر خارجہ پاکستان نے کشمیر پر دو ٹوک موقف بیان کیا اور عمدہ طریقہ سے بیان کیا تاہم حکومت کشمیر پر فنڈ قائم کرے اور ملکی و بین الاقوامی سطح پر کشمیر کے موقف کو اجاگر کیا جائے ،جماعت اسلامی نے عہد کیا ہے کہ مر تے دم تک ہم کشمیریوں کی حمایت جاری رکھیں گے، بھارت کے عزائم جارحانہ اور وہ آبی جارحیت بھی کررہا ہے ۔انہوں نے کہاکہ سندھ میں پیپلز پارٹی نے عوام کے مسائل حل نہیں کئے ،ان کے وزراءاور رہنما تو امیر سے امیر تر ہوگئے لیکن غریب آدمی کی حالت نہیں بدلی، تھرپار کر کی حالتِ زار دنیا کے سامنے عیاں ہے ۔