لاہور: (سچ نیوز) مسلم لیگ (ن) کے رہنما آصف کرمانی نے کہا ہے کہ نیب اور عمران خان میں کوئی فرق نہیں ہے، عمران خان جو کچھ کہتے ہیں وہ دوسرے دن ہوجاتا ہے۔
لاہور ہائیکورٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کے رہنما آصف کرمانی نے کہا کہ ہم ہمیشہ سے عدلیہ کا احترام کرتے آئے ہیں، نوازشریف آج ہائیکورٹ میں پیش ہوئے۔ انہوں نے وفاقی حکومت پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ن لیگ نے اپنی حکومت میں مہنگائی نہیں ہونے دی، ابھی اس حکومت کو ایک ماہ ہوا ہے اور پٹرول سمیت تمام چیزوں کی قیمتیں بڑھا دیں، یہ غربت مکاؤ مہم نہیں غریب مکاؤ مہم چلا رہے ہیں۔
آصف کرمانی نے 2018 کے الیکشن فراڈ اور بوگس قرار دیتے ہوئے کہا کہ انتخابات سے قبل نواز شریف اور مریم نواز کو سلاخوں کے پیچھے بھیج دیا گیا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ نیب اورعمران خان میں کوئی فرق نہیں ہے،عمران خان کے جو دائیں بائیں کھڑے ہوتے ہیں ان پر نیب کے مقدمات ہیں۔