نئی دہلی(سچ نیوز) بھارت خواتین کے ساتھ جنسی زیادتیوں کے حوالے سے دنیا میں سرفہرست ہے جہاں سے گاہے خواتین کے ساتھ درندگی کی ایسی ہولناک خبریں آتی ہیں کہ شیطان بھی شرم سے منہ چھپاتا پھرے۔ ایسی ہی ایک واردات میں گزشتہ دنوں 6درندہ صفت انسانوں نے باپ کے سامنے اس کی نوعمر بیٹی کو اجتماعی زیادتی کا نشانہ بناڈالا۔ ٹائمز آف انڈیا کے مطابق یہ واقعہ بھارتی ریاست بہار کے شہر کشن گنج کے ایک نواحی گاﺅں میں پیش آیا۔بتایا گیا ہے کہ متاثرہ لڑکی کا خاندان حال ہی میں اس نئے گھر میں منتقل ہوا تھا۔ واقعے کے روز ان کے دروازے پر دستک ہوئی۔ دروازہ کھولا گیا تو 6مرد پانی مانگنے کے بہانے اندر گھس آئے اور اندر آتے ہی لڑکی کے والد کو تشدد کا نشانہ بنانا شروع کر دیا۔ پھر وہ والد اور اس کی نوعمر بیٹی کو گھسیٹتے ہوئے گاﺅں سے باہر لے گئے اور وہاں باپ کو ایک درخت کے ساتھ باندھ کر اس کے سامنے اس کی بیٹی کو اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنا ڈالا۔رپورٹ کے مطابق گاﺅں کے بااثر لوگوں اور پنچایت ملزمان کی پشت پناہی کرتے ہوئے متاثرہ خاندان کو مقدمہ درج کروانے سے منع کیا اور انہیں پولیس کو رپورٹ کرنے پر قتل کی دھمکیاں دی گئیں تاہم اطلاع ملنے پر علاقے کے ایس پی کمار اشیش متاثرہ خاندان کے گھر پہنچ گئے اور انہیں ملزمان کے خلاف قانونی کارروائی کی یقین دہانی کرائی۔ پولیس کے مطابق ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور ان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔