اسلام آباد (سچ نیوز) بھارتی وزیر اور سابق ٹیسٹ کرکٹر نوجوت سنگھ سدھو نے 9 نومبر کو کرتار پور راہداری کی افتتاحی تقریب میں شرکت کی دعوت قبول کرلی۔اعلامیے کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی خصوصی ہدایت پرسینیٹرفیصل جاویدنے نوجوت سنگھ سدھوسے رابطہ کیا ، سابق ٹیسٹ کرکٹر کو 9 نومبر کو کرتار پوری راہداری کی افتتاحی تقریب میں شرکت کی دعوت دی گئی جو انہوں نے قبول کرلی۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما سینیٹر فیصل جاوید نے کہا کہ کرتار پور امن و محبت کی نئی علامت اور نئے پاکستان کا تحفہ ہے، وزیر اعظم 9 نومبر کو کرتار پور کے افتتاح سے تاریخ کا ایک نیا باب رقم کریں گے، نوجوت سنگھ سدھو کرتار پور منصوبے کے اہم کرداروں میں سے ایک ہیں،قوم اور حکومت اپنے مہمانوں کو ”چشم ما روشن دل ماشاد“ کا پیغام دے رہی ہے۔بھارتی سیاستدان نوجوت سنگھ سدھو کا کہنا تھا کہ تاریخی تقریب میں مدعو کرنے پر وزیر اعظم پاکستان کا شکرگزارہوں، دنیابھر کے سکھ اپنے روحانی پیشواءبابا گرو نانک سے وابستہ مقام کی زیارت کے منتظر ہیں، کرتار پور کی تعمیر اور افتتاح نے سکھ مذہب کے کروڑوں پیروکاروں کو نہایت مثبت پیغام دیا۔ وزیر اعظم کی تقریب حلف برداری پر ملنے والی محبت اور مہمان نوازی کا لطف کبھی بھلا نہیں پاؤں گا،9نومبرکی تقریب میں شرکت کی سعادت حاصل کروں گا۔