برلن (سچ نیوز)جرمنی میں ایک نوجوان کی ہلاکت کے بعد ملک بھر میں مہاجرین کے خلاف مظاہروں کا خطرہ پیدا ہوگیاہے جو پرتشدد واقعات کا باعث بھی بن سکتے ہیں۔
جرمن نیوز ایجنسی کے مطابق کوئتھن میں ایک بائیس سالہ جرمن نوجوان کی ہلاکت کے بعد دائیں بازو کے نظریات کے حامل گروپوں کی جانب سے میموریل مارچ کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔ شہریوں سے یہ مطالبہ سوشل میڈیا کے ذریعے کیا گیا ہے۔ دوسری جانب بائیں بازو کے سیاستدان ہینرِیٹے قواڈے نے رائٹ ونگ کی انتہا پسندی کے خلاف ایک مظاہرہ کرنے کو کہا ہے۔ کوئتھن کے میئر بیرنڈ ہاو¿شلڈ نے فیس بک پر اپنی ایک پوسٹ میں شہریوں کو احتجاجی ریلیوں میں شرکت نہ کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے لکھا ہے کہ ان کے پاس ایسی اطلاعات ہیں کہ کوئتھن کے باہر سے مشتعل گروپ ان مظاہروں میں شرکت کرنے آ رہے ہیں۔ پولیس نے دو افغان مہاجرین کو گرفتار کر رکھا ہے جن پر جرمن نوجوان کوقتل کرنے کا شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے ۔