نئی دہلی(سچ نیوز) بھارت میں ایک نوجوان نے اپنی محبوبہ کی محبت آزمانے کے لیے اپنے اغواءکا ڈرامہ رچا ڈالا تاہم پولیس نے اس ڈرامہ فلاپ کر دیا۔ٹائمز آف انڈیا کے مطابق بھارتی ریاست گجرات کے شہر راجکوٹ کا رہائشی23سالہ میہول جوشی نامی یہ نوجوان ایشا نامی 18سالہ لڑکی کے ساتھ محبت کرتا تھا اور دونوں اکٹھے رہ رہے تھے۔ گزشتہ دنوں میہول نے ایشا کی محبت آزمانے کا فیصلہ کیا اور دفتر کے لیے گھر سے نکلنے کے بعد اپنے اغواءکا ڈرامہ رچا ڈالا۔میہول نے اپنے فون کا سم کارڈ تبدیل کیا اور وائس چینجر ایپلی کیشن کے ذریعے آواز بدل کر ایشا کو دھمکیاں دینے لگا۔ اس نے ایشا سے کہا کہ ”تمہارا محبوب ہمارے پاس ہے۔ 3لاکھ روپے لے کر گاندھی دھم آ جاﺅ ورنہ ہم اسے قتل کر دیں گے۔“ ایشا نے یہ فون کال پا کر پولیس کو اطلاع دے دی۔ پولیس نے اس نمبر کو ٹریس کیا تو اس کی لوکیشن گاندھی دھم بس سٹینڈ کے قریب تھی۔ پولیس وہاں پہنچی تو میہول وہاں سڑک پر کھڑا تھا۔ اسے آفیسرز نے حراست میں لے کر تفتیش کی تو اس نے سچ اگل دیا۔ جس پر پولیس نے اس کے خلاف سرکاری افسران کو دھوکہ دینے اور گمراہ کرنے کے الزام کے تحت مقدمہ درج کر لیا۔