اسلام آباد: (سچ نیوز) اسلام آباد کی احتساب عدالت نے سابق وزیرِاعظم نواز شریف کے ٹرائل کی مدت مکمل ہونے پر اس میں توسیع کیلئے سپریم کورٹ کو خط لکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع احتساب عدالت کے مطابق سپریم کورٹ کو کل خط بھجوایا جائے گا، جس میں نواز شریف کا ٹرائل مکمل کرنے کیلئے مزید مہلت مانگی جائے گی۔ نیب کورٹ نے اس حوالے سے خط تیار کر لیا ہے جس میں لکھا گیا ہے کہ العزیزیہ ریفرنس میں آخری گواہ تفتیشی افسر پر جرح جاری ہے۔ فلیگ شپ ریفرنس میں دو گواہوں کے بیان قلمبند ہونا باقی ہیں، ٹرائل مکمل کرنے کے لیے مدت میں توسیع کی جائے۔
خیال رہے کہ نواز شریف کے خلاف العزیزیہ اور فلیگ شپ ریفرنسز کا ٹرائل مکمل کرنے کی سپریم کورٹ کی پانچویں ڈیڈ لائن ختم ہو چکی ہے۔ سپریم کورٹ نے چھبیس اگست کو نواز شریف کے خلاف دونوں ریفرنسز کا ٹرائل مکمل کرنے کیلئے 6 ہفتوں کا وقت دیا تھا جو کل ختم ہو چکا ہے۔
سپریم کورٹ نواز شریف اور ان کے بچوں کیخلاف ٹرائل مکمل کرنے کیلئے ڈیڈ لائن میں چار بار توسیع کر چکی ہے۔ عدالت عظمیٰ نے ابتدائی طور پر ریفرنسز پر فیصلے کیلئے 6 ماہ کا وقت دیا لیکن ٹرائل مکمل نہ ہونے پر پہلے تین ماہ پھر ایک ماہ اور دو مرتبہ چھ، چھ ہفتوں کا وقت دیا تھا۔