اسلام آباد (سچ نیوز)مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ آصف نے کہاہے کہ نوازشریف کے استقبا ل کے لئے ائیر پورٹ پر جانا طے ہی نہیں ہوا تھا بلکہ نوازشریف کی آمد سے دوروز قبل پارٹی قیادت نے ایک اجلاس میں فیصلہ کیا تھا کہ ریلی جوڑے پل پر جاکر منتشر ہو جائے گی۔جیو نیوز کے پروگرام ”شاہ زیب خانزادہ کے ساتھ“ میں گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا ہے کہ نوازشریف کے استقبال کے لئے جو پروگرام طے ہوا تھا اس کے مطابق جوڑا پل پر ریلی نے جانا تھا اور ریلی پروگرام کے مطابق ہی ہوئی ہے ۔ یہ پارٹی قیادت کا اجتماعی فیصلہ تھا اور یہ شہبازشریف کا فیصلہ نہیں تھا ۔ جوڑا پل تک پہنچنے کا شیڈول طے پایا ہوا تھا اور اس کے مطابق وہاں جلوس پہنچا ہے اور پھر وہاں سے جا کر منتشر ہوا ہے ۔ائیر پورٹ تک پہنچنے کا فیصلہ ہی نہیں کیا گیا تھا ۔ جگہ جگہ لاہور میں رکاوٹیں کھڑ ی کی گئی تھیںاور خود مجھے سیالکوٹ سے لاہور پہنچنے میں پانچ گھنٹے لگے او ر لاہور میں رکاوٹوں کا کیا حال ہوگا ؟یہ مسلم لیگ ن کا ایک بڑا مظاہرہ تھا جس میں عوام کی بہت بڑی تعداد نے شرکت کی ۔انہوں نے کہا کہ نوازشریف سے میر ی بات ہوئی ان کی ہمت بڑی جوان تھی ۔ ان کے یہاں آنے سے ہم کو مزاحمتی سیاست کرنے کے لئے بڑا فائدہ ہوا ہے ۔ انہوں نے قانون اور آئین کا احترام کرکے مثال قائم کی ہے ۔ اس کا ہماری انتخابی مہم پر بہت مثبت اثر پڑا ہے ۔ عوام اب گھر سے باہر نکل رہے ہیں اور ہمارے موقف کی تائید کررہے ہیں۔کہا جا رہا تھا کہ نوازشریف واپس نہیں آئیں گے لیکن انہوں نے آکر ایک بڑی مثال قائم کی ہے اوراس سے ہماری پارٹی چارج ہوئی ہے اور ہم بڑے اعتماد کے ساتھ الیکشن میں جارہے ہیں۔