اسلام آباد: (سچ نیوز) سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کی درخواست ضمانت عیدالفطر کے بعد سماعت کیلئے منظور کر لی گئی ہے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ11 جون کو نوازشریف کی درخواست ضمانت پر سماعت کرے گی۔ اس سلسلے میں وفاق، سپرنٹنڈنٹ جیل کوٹ لکھپت اور نیب کو بھی نوٹسز جاری کر دیے گئے ہیں۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس عامر فاروق اور جسٹس محسن کیانی نواز شریف کی درخواست پر سماعت کرینگے۔
رجسسٹرار اسلام آباد ہائیکورٹ کی جانب سے جاری کاز لسٹ کے مطابق جسٹس عامر فاروق اور جسٹس محسن اختر کیانی پر مشتمل دو رکنی بنچ نواز شریف کی درخواست ضمانت پر سماعت کرے گا۔
نواز شریف نے العزیزیہ ریفرنس میں سات سال قید اور جرمانوں کی سزا معطل کرکے طبی بنیادوں پر ضمانت پر رہا کرنے کی استدعا کر رکھی ہے۔
نواز شریف نے تازہ میڈیکل رپورٹس، ملکی اورغیر ملکی ڈاکٹرز کے مشورے کو بنیاد بنا کر ضمانت منظور کرنے کی درخواست دائر کی ہے۔
واضح رہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ اور سپریم کورٹ نواز شریف کی پرانی میڈیکل رپورٹس کی بنیاد پر ضمانت منظوری کی درخواستیں مسترد کر چکی ہیں۔
گیارہ جون کی سماعت پر نیب اور سپریٹنڈنٹ کوٹ لکھپت جیل کے جوابات کے بعد نواز شریف کی ضمانت پر فیصلہ ہوگا۔