لاہور: (سچ نیوز) صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت کا کہنا ہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف جہاں کہیں گے، وہیں ان کا علاج ہو گا۔ حمزہ شہباز شریف کو پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا چیئرمین بنانے کے حوالے سے پارٹی پالیسی واضح ہے۔
انہوں نے بتایا کہ دو ممبران صوبائی اسمبلی عبدالعلیم خان اور خواجہ سلمان رفیق کے پروڈکشن آرڈر جاری کر دیئے گئے ہیں، وہ کل کے اجلاس میں شریک ہونگے۔ حکومت کل کے اجلاس میں متعدد اہم بل پیش کرے گی۔
پنجاب اسمبلی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت کا کہنا تھا کہ حمزہ شہباز کو پی اے سی کا چیئرمین بنانے کے حوالے سے ہماری پارٹی پالیسی واضح ہے، ہم پنجاب میں اپوزیشن کو ساتھ لے کر چلنا چاہتے ہیں۔
سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کے متعلق ایک سوال پر ان کا کہنا تھا کہ وہ جہاں کہیں گے، وہاں ان کا علاج کرائیں گے تاہم ان کا علاج کسی نجی ہسپتال میں نہیں کرایا جا سکتا۔
انہوں نے کہا کہ میاں نواز شریف کو پاکستان میں تمام طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ جب ملک میں ان کا بہترین علاج ہو رہا ہے تو انہیں باہر جانے کی کیا ضرورت ہے؟
راجہ بشارت کا مزید کہنا تھا کہ انہوں نے راولپنڈی کے ڈاکٹر طارق نیازی کو ہٹانے کی سفارش نہیں کی، یہ معاملہ حکومت کا ہے اور وہی اس کو دیکھے گی۔