اسلام آباد: (سچ نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا ہے کہ آج سابق وزیراعظم نواز شریف اور سابق صدر آصف علی زرداری قوم کے سامنے بے نقاب ہو چکے ہیں۔
اسلام آباد میں وزیراعظم کے مشیر برائے احتساب شہزاد اکبر کے ہمراہ پریس کانفرنس میں فواد چودھری نے کہا کہ سابق وزیراعظم نواز شریف کو پارلیمنٹ، سپریم کورٹ اور ٹرائل کورٹ میں صفائی کا موقع ملا لیکن وہ منی ٹریل نہیں دے سکے۔ والد کہتے ہیں کہ بچوں کو نہیں جانتے اور بچے کہتے ہیں والد کو نہیں جانتے۔ تین دفعہ منتخب ہونے والا وزیراعظم کہتا ہے کہ بچوں پر پاکستان کا قانون لاگو نہیں ہوتا لیکن بچے اتنے نالائق کہ والد کے دفاع میں پاکستان نہیں آئے۔ اتنے شواہد کے بعد نواز شریف کا دفاع کرنے والوں کو شرم آنی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ سابق وزیراعظم نواز شریف کو آج العزیزیہ ریفرنس میں 7 سال سزا اور 25 ملین ڈالر جرمانے کی سزا ہوئی جبکہ ٹیکنکل بنیادوں میں فلیگ شپ ریفرنس میں چھوڑا گیا۔ آج سابق وزیراعظم نواز شریف اور سابق صدر آصف علی زرداری قوم کے سامنے بے نقاب ہو چکے ہیں۔
فواد چودھری نے کہا کہ دنیا کے کرپٹ لوگوں میں نواز شریف کا نام آیا۔ کمیشن کے پیسے مختلف طریقوں سے بیرون ممالک جاتے تھے، پیسوں کو گھمانے کے لیے جعلی کمپنیاں بنائی گئیں تھیں، کمیشن کے پیسے پہلے بیرون ملک پھر واپس پاکستان آتے تھے۔
ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف اور مریم نواز کے ڈرائیور کے اکاؤنٹ میں لاکھوں ڈالرز آتے رہے، یہ پاکستان سے کمیشن طے کر کے باہر بچوں کو پیسے بھجواتے تھے۔ نیب سیکشن 9 کہتا ہے کہ اگر سورس آف انکم نہیں تو کرپشن کا پیسہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ العزیزیہ اور ہل میٹل کے پیسے کہاں سے آئے؟ ہل میٹل ملز 2010ء تک مکمل خسارے میں تھی، لیگی حکومت آئی تو مل نے سونے کے انڈے دینے شروع کر دیئے۔
اس موقع پر وزیراعظم کے مشیر برائے احتساب شہزاد اکبر نے کہا کہ جوائنٹ انوسٹی گیشن ٹیم (جے آئی ٹی) کی تحقیقات کو داد دینی چاہیے، جے آئی ٹی رپورٹ نے سندھ میں ’’زرداری سسٹم‘‘ کو بے نقاب کر دیا ہے۔ ان کو پتا تھا کہ شاید کبھی پکڑے نہیں جائیں گے، ان کی منی لانڈرنگ کو دیکھ کر ہم خود حیران ہیں، اب سمجھ آتی ہے کہ پاکستان کو گرے لسٹ میں کیوں ڈالا گیا۔
شہزاد اکبر نے کہا کہ 900 صفحات پر مشتمل جے آئی ٹی رپورٹ نے سب کچھ صاف صاف بتا دیا ہے کہ کیسے لوٹ کھسوٹ کے پیسوں کو چھپانے کے لیے پیچیدہ جال بنایا گیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ اومنی گروپ کے 32 جعلی اکاؤنٹ سامنے آئے، رولز کیخلاف سندھ میں بینک بنایا گیا، اومنی گروپ کے جعلی اکاؤنٹس سے 9 ارب روپے لے کر سمٹ بینک کی ایکویٹی پوری کی گئی۔