لاہور(سچ نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب کے ترجمان ڈاکٹر شہباز گل نے کہا ہے کہ میڈیکل بورڈ کی سفارش پر نوازشریف کو ہسپتال سے جیل منتقل کیا گیا۔نجی ٹی وی کے مطابق وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار کے ترجمان ڈاکٹر شہباز گل نے نوازشریف کی جیل منتقلی کے حوالے سے پھیلائے جانے والے مسلم لیگ ن کے تاثر پر ردعمل دیتے ہوئے کہنا تھا کہ نوازشریف کو میڈیکل بورڈ کی رپورٹ کی روشنی میں جیل منتقل کیا گیا ہے،رپورٹ میں واضح لکھا گیا کہ نوازشریف کو مزید ہسپتال میں نہ رکھا جائے۔شہباز گل کا کہنا تھا کہ ڈاکٹرز کے بورڈکی جانب سے فیصلہ کیاگیانوازشریف کو ہسپتال سے ڈسچارج کیاجائے تاہم ان کا جیل میں مکمل چیک اپ کیا جائے گا اور پی آئی سی سے ڈاکٹرز کی ٹیم ان کا معمول کے مطابق معائنہ بھی کرتی رہے گی۔ ڈاکٹر شہباز گل کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن تاثر دینے کی کوشش کررہی ہے کہ نوازشریف مرضی سے جیل واپس جا رہے ہیں،یہ بات سراسر غلط ہے کیونکہ حکومت پنجاب نے ڈاکٹرز کی رپورٹ پر انہیں جیل منتقل کرنے کا فیصلہ کیا۔واضح رہے گذشتہ ہفتے نواز شریف کو طبیعت ناسازی کے بعد سروسز ہسپتال منتقل کیا گیا تھا، جہاں میڈیکل بورڈ کی سفارش پر ان کے شوگر اور بلڈ پریشر کے ٹیسٹ کئے گئے تھے، نواز شریف کے ایک گھنٹے تک سٹی سکین اور الٹراساونڈ سمیت دیگر ٹیسٹ کیے گئے اور انھیں طبی معائنے کے بعد نیو او پی ڈی سے وی وی آئی پی بلاک پہنچادیا گیا تھا۔بعد ازاں میڈیکل بورڈ نے تمام رپورٹس محکمہ داخلہ کو بھجوا دی تھیں، جس میں بتایا گیا تھا کہ سی ٹی سکین میں نواز شریف کے جسم کی شریانوں میں تنگی سامنے آئی جبکہ بلڈ پریشر، شوگر، گردوں کا مسئلہ موجود ہے، میڈیکل بورڈ نے دل کے ہسپتال منتقل کرنے کی سفارش بھی کی تھی۔میڈیکل بورڈ کے سربراہ پروفیسرمحمودایاز کا کہنا تھا کہ نوازشریف کی زیادہ تربیماریوں کاعلاج پاکستان میں موجود ہے، انہیں ہسپتال یا کہیں اور شفٹ کرنے کا حتمی فیصلہ محکمہ داخلہ کا اختیار ہے۔یہ بات بھی سامنے آئی تھی کہ نوازشریف نے پی آئی سی ہسپتال جانے سے انکار کرتے ہوئے جیل جانے کی خواہش کا اظہار کیا تھا جس پر محکمہ داخلہ پنجاب نے انہیں کوٹ لکھپت جیل منتقل کردیا تاہم پنجاب حکومت کے ترجمان نے ایسی خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ نواز شریف کو ڈاکٹرز کی رپورٹ پر کوٹ لکھپت جیل میں منتقل کیا گیا ہے ۔