لاہور (سچ نیوز) پیپلز پارٹی کے رہنما قمر زمان کائرہ نے کہاہے کہ یہ کہنا غلط ہے کہ پیپلز پارٹی نے سارا کچھ خراب کردیا اور اتحاد توڑ دیا ،زرداری پر تو مقدمات ہیں لیکن نوازشریف جیل میں ہیں اور شہبازشریف نیب میں کئی پیشیاں بھگت چکے ہیں۔
دنیا نیوز کے پروگرام ”ٹو نائٹ ودھ معید پیر زادہ “ میں گفتگو کرتے ہوئے قمر زمان کائرہ نے کہاکہ ہم مسلم لیگ ن کے مخالف جماعت ہیں اور ہمیں حالات کے تحت کے اپوزیشن میں بیٹھنا پڑ رہاہے ۔ ہم ایم ایم اے اور مسلم لیگ ن کے خلاف الیکشن لڑ چکے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ یہ کہنا کہ پیپلز پارٹی نے سارا کچھ خراب کردیا اور اتحاد توڑ دیا ،یہ غلط ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ جو بار بار کہا جاتاہے کہ زرداری صاحب کے کیس ہیں تو اس کا جواب یہ ہے کہ زرداری صاحب کے کیسز کی تو ابھی تفتیش ہونی ہے جبکہ نوازشریف تو اڈیالہ جیل میں ہیں اورشہبازشریف بھی نیب میں کئی پیشیاں بھگت چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کے رہنما خورشید شاہ اوررضا ربانی صدارتی امیدوار کے معاملے پر لاہور میں شہبازشریف سے ملے تھے جس پر شہباز شریف نے کہا کہ آپ نے ہمار ے تحفظات دور کردیئے ہیں ۔ اب آپ اڈیالہ جیل میں نوازشریف مل لیں جس پر خورشید شاہ اور میاں رضاربانی اسلام آباد گئے لیکن یاتو نوازشریف ان سے نہیں ملنا چاہتے تھے اور یا مسلم لیگ ن یہ ملاقات نہیں کروا سکی ۔انہوں نے کہا کہ تلخ ماضی کی وجہ سے پیپلز پارٹی نے شہبازشریف کو وزارت عظمیٰ کے لئے ووٹ نہیں دیا ۔