کراچی: (سچ نیوز) نشویٰ کے والد قیصر علی نے کہا ہے کہ انہوں نے اللہ تعالیٰ کی رضا کے لیے سب کو معاف کر دیا۔ ہسپتال انتظامیہ نشویٰ کی نام سے ٹرسٹ قائم کرے اور دارالصحت ہسپتال میں بچوں کے وارڈ کو نشویٰ کا نام دیا جائے۔ انہوں نے سندھ ہیلتھ کئیر کمیشن کے شعبے کو نااہل قرار دے دیا۔
کراچی میں دار الصحت اسپتال کی غفلت سے موت کی منہ میں جانے والی نو ماہ کی نشویٰ کیس کی فائل بند ہو گئی۔ نشویٰ کی والد نے ہسپتال انتظامیہ سے صلح کرلی۔
کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس کے دوران قیصر علی نے بتایا کہ ہسپتال انتظامیہ سے صلح کچھ شرائط پر کی گئی ہے۔ درالصحت ہسپتال کی انتظامیہ بچوں کے وارڈ کو نشویٰ کا نام دیں، نشویٰ کے نام سے ٹرسٹ قائم کیا جائے اور ماہانہ 50 لاکھ روپے ٹرسٹ کو دیئے جائیں جبکہ ہسپتال اپنے کالج میں سالانہ 2 بچوں کو سکالرشپ بھی فراہم کرے۔
نشویٰ کے والد نے الزام عائد کیا کہ ہمارے واقعے نے ثابت کر دیا کہ سندھ ہیلتھ کئیر کمیشن کا ادارہ نااہل ہے۔ ہم نے نشویٰ فاؤنڈیشن رجسٹرڈ کروا لیا ہے۔ اللہ کی رضا کے لئے سب کو معاف کر رہے ہیں۔
قیصر علی نے سارے معاملے میں میڈیا کے کردار کو مثبت قرار دیا جبکہ ہسپتال انتظامیہ کے ساتھ مل کر بہت جلد پریس کانفرنس کرنے کا بھی اعلان کیا۔