اسلام آباد(سچ نیوز) آزاد کشمیر کے صدر سردار مسعود خان نے کہا ہے کہ اس وقت مقبوضہ وادی میں قیامت صغریٰ نہیں قیامت کبریٰ بپا ہے، ظالم مودی نسل کشی کرکے کشمیریوں کو ختم کرنا چارہا ہے اوروہ مقبوضہ کشمیر کے عوام سے شناخت چھیننے کے درپے ہے، نسل کشی روکنا عالمی برادری کے لئے بڑا چیلنج ہے ۔سرکاری ٹی وی چینل پر کشمیر کے نام پر’’ گریٹ ڈیبیٹ ‘‘میں اظہار خیال کرتے ہوئے سردار مسعود احمد خان کا کہنا تھا کہ یہ مت کہیے کہ مسئلہ کشمیر فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہو چکا بلکہ کشمیر پر ایک نئی قیامت ٹوٹی ہے، 9 لاکھ فوجیوں نے مقبوضہ کشمیر پر حملہ کیا ہے ،مسلح افواج نے غیر مسلح لوگوں پر حملہ کیا ہے، فیصلہ ہونا تو ابھی باقی ہے،کشمیریوں کی جدوجہد کے ایک نئے باب کا اظہار ہوا،مقبوضہ وادی میں کربلا بپاہے،لوگ بھوکے اور پیاسے اپنے گھروں میں قید ہیں،ان کے پاس ادویات نہیں ہیں،رسد کا کوئی سامان نہیں ہے، ظالم قابض ہندوستانی فوجیوں نے 10ہزار کشمیریوں کو قید کردیا ہے، ان میں عورتیں اور بچے بھی شامل ہیں، یہ قیامت صغریٰ نہیں قیامت کبریٰ ہے،مودی کے عزائم بہت خطرناک ہیں،وہ مقبوضہ کشمیر کے عوام سے شناخت چھیننے کے درپے ہے۔انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کے سامنے دوچیلنجز ہیں، پہلا یہ کہ کشمیر میں نسل کشی کو کیسے روکا جائے ؟ظالم محاصرہ کرکے کشمیریوں کو ماررہا ہے دوسرا چیلنج یہ ہے کہ مقبوضہ کشمیر کو نو آبادی بننے سے کیسے بچایا جائے؟۔