لاہور: (ویب ڈیسک) میجر جنرل بابر افتخار کو ڈی جی آئی ایس پی آر تعینات کر دیا گیا ہے جبکہ 2016ء کو پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کی ذمہ داریاں سنبھالنے والے میجر جنرل آصف غفور کو جی او سی تعینات کیا گیا ہے
آئیے میجر جنرل بابر افتخار کی پاک فوج میں خدمات دیکھتے ہیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق میجر جنرل بابر افتخار نے 1990 میں پاک فوج میں کمیشن حاصل کیا، میجر جنرل بابر افتخار کا تعلق آرمڈ کور کی یونٹ 6 لانسرسےہے۔
کمانڈ اینڈ سٹاف کالج کوئٹہ سے گریجویشن کی، انہوں نے نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اسلام آباد سے بھی گریجویشن کی ہے اس کے علاوہ میجر جنرل بابر افتخار نے رائل کمانڈ اینڈ اسٹاف کالج اردن سے بھی گریجویشن کی ڈگری حاصل کی ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق میجر جنرل بابر افتخار کمانڈ، سٹاف اور انسٹرکشن کا وسیع تجربہ رکھتے ہیں، انہوں نے آرمر بریگیڈ میں بطور بریگیڈ میجر خدمات انجام دیں، وہ شمالی وزیرستان کی انفنٹری ڈویژن میں بطور بریگیڈ سٹاف خدمات انجام دیتے رہے۔
یہ بھی پڑھیں: پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل آصف غفور کو تبدیل کر دیا گیا
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق میجر جنرل بابر افتخار کور ہیڈ کوارٹر میں چیف آف سٹاف بھی رہے، آپریشن ضرب عضب میں میجر جنرل بابر نے آرمرڈ بریگیڈ اور انفنٹری بریگیڈ کی کمانڈ کی۔
میجر جنرل بابر افتخار پاکستان ملٹری اکیڈمی اور نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی (این ڈی یو) اسلام آباد کے فیکلٹی ممبر رہے ہیں، ڈی جی آئی ایس پی آر بننے سے قبل میجر جنرل بابر افتخار آرمرڈ ڈویژن کی کمانڈ کر رہے تھے۔
یاد رہے کہ میجر جنرل آصف غفور کو 15 دسمبر 2016ء کو پاک فوج کے ترجمان (ڈی جی آئی ایس پی آر) کے عہدے پر تعینات کیا گیا تھا، اب انہیں اوکاڑہ میں پاک فوج کی 40 ویں انفنٹری ڈویژن کے جنرل آفیسر کمانڈنگ (جی او سی) کی ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔ انہوں نے 1988ء میں پاکستانی فوج میں کمیشن حاصل کیا تھا۔
میجر جنرل آصف غفور نے اپنے ٹویٹ میں کہا ہے کہ الحمد للہ، اپنی مدت کے دوران تعاون پر سب کا شکریہ ادا کرتو ہوں جبکہ تمام ذرائع ابلاغ کا خصوصی طور پر شکر گزار ہوں۔ میرے پاس ہم وطن پاکستانیوں کی محبت اور تعاون کا شکریہ ادا کرنے کیلئے الفاظ بہت کم ہیں۔