اسلام آباد (سچ نیوز) وزیر مملکت برائے داخلہ شہر یار آفریدی نے کہاہے کہ نئے پاکستان میں کسی کا خون نہیں گرے گا ،دھرنے کے دوران جلاﺅ گھیراﺅ کرنیوالے 1600کے قریب افراد کوگرفتار کرلیا ۔دنیا نیوز کے پروگرام ”دنیا کامران خان کے ساتھ“ میں گفتگو کرتے ہوئے شہریا ر آفریدی نے کہا کہ ہر پاکستانی کے جان ومال کی حفاظت حکومت کی ذمہ داری ہے ، ہماری حضور ﷺ کے ساتھ جو لازوال محبت ہے اس کی مثال دنیا بھر میں نہیں ملتی ،انہوں نے کہا کہ اس سے قبل لال مسجد ہو یا کوئی اور واقعہ پاکستانیوں کا خون بہایا گیا ۔ وزیر اعظم نے احتجاجی دھرنے سے پہلے کہا تھا کہ حکومتی رٹ پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا ، اس کے بعد ہم اپوزیشن کے ساتھ بیٹھے جس میں اپوزیشن نے کہا کہ طاقت کا استعمال نہیں کرنا چاہئے ۔ اس کے بعد خادم رضوی اور ان کی ٹیم نے کہا کہ ہمارا جلاﺅ گھیراﺅ کرنے والوں سے کوئی تعلق نہیں ہے ،انہوں نے کہا اب حکومت مدینہ یونیورسٹی ، الازہر یونیورسٹی ، مکہ یونیورسٹی اور شیعہ سکول آف تھاٹ سے مشاورت کرے گی، ہم ان کے ساتھ بیٹھیں گے اور ان کوگلے لگائیں گے ۔انہوں نے کہا کہ جوشواہد ہمارے پاس موجود ہیں اس پربھی تمام سٹیک ہولڈرز سے مشاور ت اوراتفاق رائے سے فیصلہ کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ جنہوں نے املاک کونقصان پہنچایا ہے وہ شناخت ہوگئے ہیں ، ان کے خلاف کریک ڈاﺅن ہوگا۔انہوں نے کہا کہ نئے پاکستان میں کسی پاکستانی کا خون نہیں گرے گا ۔ہم سب سے مل کر ایسی جامع پالیسی بنائیں گے کہ آئندہ کوئی پاکستان میں اس پالیسی کی خلاف ورزی نہیں کرے گا اور یہ ایسے موضوعات پر آخری دھرنا ثابت ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ اب تک پنجاب اور اسلام آباد میں جلاﺅ گھیراﺅکرنیوالے 16سو کے قریب لوگ پکڑے جاچکے ہیں ، ان میں سے کئی لوگوں کا تعلق سیاسی جماعت ہے جوکسی مخصوص ایجنڈے کے تحت توڑ پھوڑ کرتے رہے ۔