آکلینڈ (سچ نیوز) دنیا بھر میں نئے سال کو خوش آمدید کہنے کے لیے لوگ بے تاب ہیں اور اب نئےسال کا آغاز نیوزی لینڈ سے ہوگیا ہے ۔ آکلینڈ کے سکائی ٹاور پر شاندار آتشبازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے نئے سال کو شہریوں کو خوش آمدید کہا، یہ مںظر دیکھنے کے لیے دنیا بھر سے غیرملکی بھی موجود تھے ۔تفصیلات کے مطابق نیوزی لینڈ میں گھڑی پر رات کے 12 بجتے ہی سال 2019 کا شاندار استقبال کیا گیا، اس موقع پر آتشبازی کا نظارہ دیکھنے ہزاروں افراد موجود تھے۔گھڑی پر 12 بجتے ہی سٹی ٹاور پر آتشبازی ہوئی اور پورا علاقہ رنگ و نور میں نہا گیا۔اسی طرح آسٹریلیا کے شہر سڈنی، شمالی و جنوبی کوریا، ہانگ کانگ، بیجنگ اور تائی پے میں بھی آتش بازی ہوگی۔جاپان میں سال نو کو خوش آمدید کہنے کے لیے مختلف مندروں میں اپنی روایات کے مطابق رسومات ادا کی جارہی ہیں جب کہ امریکی شہر نیویارک کے ٹائمز اسکوائر پر ڈھائی ہزار سے زائد ایل ای ڈی لائٹوں سے بنی کرسٹل بال کی رونمائی کی تقریب میں لاکھوں افراد شرکت کریں گے۔دبئی میں سال نو کو خوش آمدید کہنے کے لیے دنیا کی بلند ترین عمارت برج خلیفہ پر آتش بازی کا مواد نصب کردیا گیا، برج خلیفہ کے علاوہ برج عرب، پام جمیرا کے آٹلانٹس ہوٹل، فیسٹیول سٹی، گلوبل ویلیج، دبئی مرینہ اور دبئی کریک پر بھی آتش بازی کی جائے گی۔