ممبئی (سچ نیوز) بالی ووڈ اداکار رنویر سنگھ اور اداکارہ دپیکا پڈوکون کی شادی کو اگر رواں سال کی سب سے بڑی شادی کہا جائے تو غلط نہیں ہوگا، کیوں کہ ان دونوں کی شادی کے تقریب نے جتنی توجہ حاصل کی اتنی شاید اب تک کسی سٹار کی شادی کو نہیں ملی۔ڈان نیوز کی رپورٹ کے مطابق یہ دونوں اداکار ایک دوسرے کو 2013 سے جانتے ہیں جب ان کی ایک ساتھ پہلی فلم ’رام لیلا‘ سامنے آئی تھی۔دپیکا اور رنویر نے رواں ماہ 14 اور 15 نومبر کو اٹلی میں شادی کی تھی۔شادی کے بعد سے اب تک ان دونوں کی شادی کے تین جشن منائے جاچکے ہیں، جن میں ایک بنگلور میں دپیکا کے والدین نے منایا، جبکہ دو ممبئی میں رنویر کی فیملی کی جانب سے منعقد کیے گئے۔شادی کے بعد رنویر سنگھ نے فلم فیئر کو دیے اپنے انٹرویو میں انکشاف کیا کہ انہوں نے دپیکا کی خواہش پر اٹلی میں شادی کی، جبکہ تمام تقریبات دپیکا کی مرضی سے ہی ہوئیں۔رنویر سنگھ کا کہنا تھا کہ ’دپیکا جو بھی خواہش رکھتی ہے میں چاہتا ہوں کہ وہ پوری ہو، یہی میری پہلی کوشش ہے، میں چاہتا تھا کہ وہ سمجھے کہ وہ کس طرح شادی کرنا چاہتی ہے، وہ جو چاہتی تھی اس ہی انداز میں ہماری شادی ہوئی، میں چاہتا ہوں وہ خوش رہے، میں بھی خوش رہوں اور میری خوشی دپیکا کی خوشی میں ہے‘۔