کراچی(سچ نیوز) معروف اداکارہ مایا علی کا کہنا ہے کہ انہیں اکشے کمار کی فلم میں کام کی آفر ہوئی تھی اور اس کے لیے آڈیشن دینے بھارت بھی گئی تھی۔ایکسپریس نیوز کے مطابقمایا علی نے ایک ویب سائٹ کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ مجھے بالی ووڈ کی فلمیں بہت پسند ہیں۔ میں لڑکپن میں کرن جوہر کی تقریباً تمام ہی فلمیں دیکھ چکی ہوں تو آپ سوچ سکتے ہیں کہ میں کتنی فلمی ہوں گی۔ در حقیقت میں نے کبھی نہیں سوچا تھا کہ میں اداکارہ بن جاؤں گی۔ لیکن جب آپ کے نصیب میں کچھ لکھ دیا جاتا ہے تو وہ ہو کر رہتا ہے اور بلآخر وہ ہوا جس پر میں نے کبھی نظر ثانی ہی نہیں کی۔مایا علی نے شہریار منور کے ساتھ نئی آنے والی فلم ’ پرے ہٹ لو‘ میں اداکاری کے حوالے سے اپنے تجربے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شہریار منور کے ساتھ کام کرنا میرے لئے کسی نعمت سے کم نہیں تھا کیوں کہ میں نے کبھی نہیں سوچا تھا کہ فلم کا کام مکمل کرنا اتنا آسان ہوگا۔ شہریار نے میرا بھرپور ساتھ دیا اور اور موقع فراہم کیا تاکہ میں اطمینان محسوس کرتے ہوئے بہترین اداکاری کرسکوں۔مایا علی نے یہ بھی کہا کہ فلم طیفا ان ٹربل کے بعد پرے ہٹ لو میری دوسری فلم ہے لیکن میری یہ فلم پہلی فلم سے بالکل مختلف ہے۔ میری خوش نصیبی ہے کہ مجھے دونوں فلموں میں مختلف کردار ادا کرنے کا موقع ملا کیوں کہ طیفا ان ٹربل ایکشن کامیڈی فلم تھی جب کہ ’پرے ہٹ لو‘ جذبات سے بھرپور محبت پر مبنی فلم ہے۔