کراچی (سچ نیوز) اداکارہ وینا ملک نے کہا ہے کہ ان کی آئیڈیل خاتون بشریٰ بی بی ہیں اور وہ ان جیسی ہی بننا چاہتی ہیں۔ماضی میں انتہائی متنازعہ رہنے والی اداکارہ وینا ملک ان دنوں نجی ٹی وی پر گیم شو کر رہی ہیں ۔ 2013 میں شادی سے پہلے وینا ملک اپنے بیانات اور دیگر بہت سی باتوں کی بنا پر میڈیا پر چھائی رہتی تھیں لیکن شادی کے بعد انہوں نے اپنے آپ کو یکسر تبدیل کرلیا۔ گزشتہ برس اپنے شوہر سے علیحدگی کے بعد دونوں بچوں کی دیکھ بھال وینا ملک نے اپنے ذمے لی ہوئی ہے۔
ان دنوں وینا ملک سوشل میڈیا پر کافی ایکٹو ہیں اور اپوزیشن جماعت مسلم لیگ ن کو بالعموم اور مریم نواز کو بالخصوص تنقید کا نشانہ بناتی رہتی ہیں۔ گزشتہ کچھ دنوں سے وینا ملک کی نماز کی ویڈیوز بھی سوشل میڈیا پر شیئر کی جارہی ہیں، اب انہوں نے بشریٰ بی بی کو اپنی آئیڈیل قرار دے دیا ہے۔وینا ملک نے کہا ’اگر مجھے کسی خاتون جیسا بننے کی تمنا ہے تو وہ بشریٰ بی بی صاحبہ ہیں۔‘خیال رہے کہ بشریٰ بی بی وزیر اعظم عمران خان کی تیسری اہلیہ ہیں جو میڈیاپر کم ہی نظر آتی ہیں اور گھر میں رہنے کو ترجیح دیتی ہیں۔ عمران خان کے حالیہ دورہ سعودی عرب کے دوران بشریٰ بی بی نے ان کے ساتھ عمرہ ادا کیا تھا لیکن وہ وہیں سے پاکستان واپس آگئی تھیں اور عمران خان کے ساتھ امریکہ نہیں گئیں۔