ممبئی (سچ نیوز) آنجہانی اداکارہ سری دیوی کی صاحبزادی جہانوی کپور کا کہنا ہے کہ ان کی بڑی بہن انوشلا کپور کو ان کے مداحوں کی جانب سے صرف اس وجہ سے ریپ کی دھمکیاں دی جارہی ہیں کیونکہ انہوں نے کرن جوہر کے پروگرام میں میری مدد نہیں کی تھی۔اتوار کے روز بھارتی ٹی وی کے شو ’ کافی ود کرن‘ میں اداکارہ جہانوی کپور اور ان کے بڑے بھائی ارجن کپور نے شرکت کی۔ پروگرام کے ایک سیگمنٹ کے دوران میزبان کرن جوہر نے دونوں بہن بھائیوں میں ایک دلچسپ مقابلہ کرایا اور کہا کہ وہ اپنے رشتہ دار کو فون کرکے مدد مانگیں جبکہ دوسرا شخص اسے روکے گا، اس گیم میں جو بھی جیتے اس کو ایک پوائنٹ ملے گا۔جہانوی کپور نے گیم کے دوران اپنی بڑی بہن انوشلا کپور کو فون کیا اور اس سے مدد مانگی۔ اس دوران ارجن کپور نے شور شرابا شروع کردیا اور انوشلا سے کہا کہ اگر اس نے جہانوی کی مدد کی تو وہ گھر نہیں آئے گا۔ گیم شو کے دوران بہن بھائیوں کی اس لڑائی میں گھر پر بیٹھی بہن کنفیوژ ہوگئی اور مقررہ وقت میں کوئی جواب نہ دے سکی۔کافی ود کرن میں جہانوی کپور کی مدد نہ کرنے پر انوشلا کپور کو سوشل میڈیا پر شدید ٹرولنگ کا سامنا ہے۔ جہانوی کپور نے بتایا کہ ان کے اپنے مداحوں کی جانب سے ان کی بہن کو ریپ کی دھمکیاں دی جارہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا پر لوگ بے چہرہ ہوتے ہیں جس کی وجہ سے وہ کچھ بھی کہہ دیتے ہیں اسی لیے وہ اپنی نجی زندگی کے بارے میں کوئی بات کرتے ہوئے کئی بار سوچتی ہیں۔