لاہور: (سچ نیوز) سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ ن کے قائد میاں محمد نواز شریف کی طبیعت خراب ہو گئی جسکے بعد نیب کی ٹیم انہیں علاج کے لیے سروسز ہسپتال لیکر پہنچ گئی۔
نیب لاہور کا کہنا ہے کہ سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کو طبیعت کی خرابی کے باعث میڈیکل چیک اپ کیلئے ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ ن کے تاحیات قائد میاں محمد نواز شریف کو پلیٹس لائٹ کم ہونے کی وجہ سے انہیں سروسز ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ اس دوران پولیس کی بھاری نفری بھی ہسپتال پہنچ گئی۔
دوسری طرف اطلاع ملتے ہی مسلم لیگ ن کے کارکنوں نے ملتان روڈ پر احتجاج کیا، سڑک پر ٹائروں کو آگ لگا کر ملتان روڈ بلاک کی جبکہ شہباز شریف اور مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کے شوہر کیپٹن (ر) صفدر نیب آفس پہنچ گئے۔
سوشل میڈیا کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے نواز شریف کے ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان کا کہنا تھا کہ سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ ن کے تاحیات قائد نواز شریف میں پلیٹ لیٹس سیل کی کمی پائی گئی ہے
Today met former PM #NawazSharif for consultation & evaluation. He’s visibly unwell & has multiple serious life-threatening health issues of acute nature.
I’ve recommended immediate hospitalisation for workup & treatment.
The matter is of utmost urgency.— DR. ADNAN KHAN (@Dr_Khan) October 21, 2019
اُدھر مسلم لیگ ن کے صدر میاں شہباز شریف نے سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کو خطرناک علامات کے باوجود ہسپتال منتقل نہ کرنے پر شدید احتجاج کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سرکاری رپورٹس میں سنگین خطرات کی واضح نشاندہی کے باوجود ہسپتال منتقل نہ کرنا حکومتی بے حسی اور بدترین سیاسی انتقام پہ مبنی پالیسی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ میاں محمد نوازشریف کی جان سے کھیلا جارہا ہے، خدانخواستہ کچھ ہوا تو وزیراعظم عمران نیازی کو قاتل ٹھہرائیں گے، عوام کے حق کے لئے لڑنے والے قائد کی خاطر ہر خطرے سے ٹکراجائیں گے، جیل مینوئل پر عمل نہ کر کے کم ظرف حکمران لاقانونیت کے مرتکب ہو رہے ہیں۔
مسلم لیگ ن کے صدر کا کہنا تھا کہ یہ اقدامات واضح ثبوت ہیں کہ نوازشریف کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، اقدامات ثبوت ہیں کہ عمران نیازی کے حکم پر نوازشریف کو ہسپتال نہیں لیجایا جا رہا، عاقبت نااندیش حکمران قومی وجود پر لگنے والے زخموں میں اضافے کی حماقت پر اترے ہیں، عقل سے عاری اور تکبر سے بھرے حکمران حماقتوں سے ملک میں خانہ جنگی کرانے پر تلے ہیں۔
دوسری طرف مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ نوازشریف کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا جائے، نوازشریف کی جان کو سنگین طبی خطرات لاحق ہیں، فوری ہسپتال منتقل کیا جائے،انکو خدانخواستہ نقصان پہنچا تو عوام کا ہاتھ اور عمران صاحب کا گریبان ہوگا۔