کولمبو(سچ نیوز) ہنی مون منانے کے لئے جانے والے جوڑے ہوٹل میں ٹھہرتے تو ہیں لیکن ہنی مون کے لئے ٹھہرے اور ہوٹل ہی خرید لیا، ایسا جوڑا آپ نے کبھی نہیں دیکھا ہو گا! تو لیجئے ملئے برطانوی میاں بیوی جینا لائنز اور مارک لی سے، جو اپنے ہنی مون کے دوران سری لنکا کے جس ہوٹل میں ٹھہرے صبح ہونے سے پہلے ہی اُسے خرید لیا۔ اورآپ یہ مت سمجھئے گا کہ جینا اور مارک کوئی ارب پتی کاروباری لوگ ہیں۔ دراصل انہوں نے شراب بہت زیادہ پی لی تھی۔فوکس نیوز کے مطابق جینا نے اس حیران کن واقعے کی تفصیلات بیان کرتے ہوئے بتایا کہ ”دو سال قبل ہماری شادی ہوئی تو ہم ہنی مون کے لئے سری لنکا گئے۔ ایک خوبصورت ساحل پر بنا چھوٹا سا ہوٹل ہمیں بہت پسند آیا اور ہم نے وہاں رات گزارنے کا فیصلہ کیا۔ اتفاق سے ہم نے شراب بہت دل کھول کر پی لی تھی اور بدقسمتی سے اسی وقت ہوٹل کا مالک اسے بیچنے کے لئے کچھ بات چیت کر رہا تھا۔ شراب کے نشے میں دھت ہم بھی اس معاملے میں کود گئے اور ہوٹل خریدنے کی پیشکش کر دی۔ چند گھنٹوں میں ہی ہم نے ساڑھے انتالیس ہزار ڈالر میں ہوٹل خریدنے کا سودا فائنل کر دیا۔ “جینا کا کہنا تھا کہ ”صبح جب سو کر اُٹھے تو ہمیں احساس ہوا کہ یہ بہت غلط کام ہو گیا تھا۔ اُس ہوٹل کی حالت اچھی نہیں تھی۔ یہ بہت چھوٹا تھا اور وہاں گاہکوں کی بھی کچھ خاص آمدورفت نہیں تھی۔ اور چند دن بعد جب ہمیں پتا چلا کہ میں حاملہ ہو چکی تھی تو ہماری پریشانی اور بھی بڑھ گئی۔ ہمارے گھر والوں نے بھی ہمیں احمق قرار دیا اور بہت برا بھلا کہا۔ اب میرے اور مارک کے پاس اس کے سوا کوئی چارہ نہیں تھا کہ اپنی جمع پونجی جس ہوٹل پر لگا دی تھی اب ہر حال میں اُسے چلایا جائے۔ ہم نے اس ہوٹل کا نام بدل کر ’لکی بیچ تنگالے‘ رکھا۔ اس کی نئے سرے سے تزئین و آرائش کی ہے اور اسے چلانے کے لئے دن رات محنت کی ہے۔ اب تو ہمارے ہوٹل میں کافی گاہک آنے لگے ہیں۔ امید ہے کہ بالآخر یہ ہمارے لئے منافعے کا سودا بھی بن ہی جائے گا۔“