ممبئی(سچ نیوز) بالی ووڈ کے معروف ہدایتکار مہیش بھٹ نے فلم ’’گلی بوائے‘‘ کا ٹریلر دیکھ کر اپنی بیٹی عالیہ بھٹ کو غنڈی قرار دے دیا۔حال ہی میں جاری ہونے والے رنویر سنگھ اور عالیہ بھٹ کی فلم ’’گلی بوائے‘‘ کے ٹریلر نے ریلیز ہوتے ہی انڈسٹری میں طوفان سا برپا کردیا ہے۔ شائقین کی جانب سے بھی فلم ’’سمبا‘‘ کے بعد فلم ’’گلی بوائے‘‘ کو بھی سپر ہٹ فلم قرار دیا جارہا ہے یہی وجہ ہے کہ والد مہیش بھٹ نے بھی ٹریلر دیکھنے کے بعد عالیہ بھٹ کو اہم لقب سے نواز دیا۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بھٹ فیملی میں سب سے چہیتی سمجھے جانے والی عالیہ بھٹ کے حوالے سے اُن کے والد مہیش بھٹ بیٹی کی اداکاری سے ایسا متاثر ہوئے کہ داد دیئے بغیر نہ رہے اور اسی وجہ سے انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر عالیہ بھٹ کی تصویر پوسٹ کرتے ہوئے کہا کہ ’’عالیہ غنڈی ہے‘‘۔واضح رہے کہ زویا اختر کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم ’’ گلی بوائے‘‘ میں رنویر سنگھ اورعالیہ بھٹ مرکزی کردار میں نظر آئیں گے جب کہ رواں سال 14 فروری کو سنیما گھروں کی زینت بننے والی یہ فلم ریلیز سے قبل انٹرنیشنل برلن فلم فیسٹیول میں بھی دکھائی جائے گی۔