اسلام آباد: (سچ نیوز) مہنگائی کے ستائے عوام کیلئے بری خبر، نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی نے فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی کی قیمت میں 1روپے 82 پیسے فی یونٹ اضافہ کر دیا ہے۔
سنٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی کی جانب سے بجلی کی قیمتوں میں اضافے سے متعلق نیپرا میں سماعت ہوئی، دوران سماعت نیپرا نے سوال کیا کہ ستمبر میں فرنس آئل سے مہنگے پاور پلانٹس کیوں چلائے گئے ؟ جس پر سی پی پی اے حکام نے بتایا کہ مہنگی بجلی پیدا نہ کرتے تو اضافی لوڈشیڈنگ کرنا پڑتی۔
سی پی پی اے حکام نے موقف اپنایا کہ ستمبر میں بجلی کی پیداواری لاگت 5 روپے 21 پیسے اور ریفرنس فیول لاگت 2 روپے 84 پیسے فی یونٹ رہی، بجلی قیمتوں میں 2 روپے 97 پیسے اضافے کیا جائے، تاہم نیپرا نے سی پی پی اے کے دلائل سننے کے بعد بجلی کی قیمتوں میں ایک ماہ کے لیے 1 روپے 82 پیسے فی یونٹ اضافہ کر دیا، جب کہ فرنس آئل کے معاملے پر تسلی بخش جواب آنے کے بعد 54 پیسے مزید اضافہ متوقع ہے۔
بجلی مہنگی ہونے کی وجہ سے صارفین سے اضافی 24 ارب روپے نومبر کے بلوں میں وصول کیے جائیں گے، فیصلے کا اطلاق کے الیکٹرک، لائف لائن اور زرعی صارفین پر نہیں ہوگا۔