جدہ(سچ نیوز) مکہ مکرمہ میں اسلام کے ابتدائی زمانے کے قبروں کے کتبے دریافت ہوئے ہیں۔سعودی گزٹ کے مطابق یہ کتبے مکہ مکرمہ کے تاریخی قبرستان ’المعلیٰ‘ سے دریافت ہوئے۔ سعودی کمیشن برائے سیاحت و قومی ورثہ کی طرف سے بتایا گیا ہے کہ اس تاریخی قبرستان میں کھدائی کا کام ہو رہا تھا۔ اس دوران نیچے سے یہ کتبے دریافت ہوئے جن پر اسلامی رسم الخط میں عبارت تحریر تھی۔
ان کتبوں کے ساتھ اسی زمانے کے برتنوں کے ٹکڑے بھی ملے ہیں۔ کمیشن برائے سیاحت و قومی ورثہ کے عہدیدار نائف القنور کا کہنا تھا کہ ”ادارے کے ماہرین کی ایک ٹیم اب اس کھدائی کی نگرانی کر رہی ہے، جو نیچے سے نکلنے والی دیگر چیزوں کا معائنہ کرے گی۔ ہمیں توقع ہے کہ اس جگہ سے مزید تاریخی نوعیت کی چیزیں بھی دریافت ہوسکتی ہیں۔ ماہرین کی ٹیم وہاں سے ملنے والی چیزوں کا مسلسل معائنہ کرتی رہے گی اور تاریخی نوعیت کی چیزوں کو الگ کرکے محفوظ کیا جائے گا۔“