نئی دہلی (سچ نیوز)کانگریس کی جنرل سیکرٹری پریانکا گاندھی نے بھارتی وزیر اعظم پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ مودی 2015 میں پاکستان بریانی کھانے گئے تھے۔
بھارتی نجی ٹی وی کے مطابق میڈیا سے گفتگو کے دوران جب مودی کے الزامات کے حوالے سے سوال کیا گیا تو کانگریس کی جنرل سیکرٹری پریانکا گاندھی نے بھارتی وزیر اعظم کو خوب آڑے ہاتھوں لیا اور کہا کہ 2015 میں وہ پاکستان بریانی کھانے گئے تھے۔یاد رہے کہ ہندوستانی وزیراعظم نریندر مودی دسمبر 2015 میں مختصر دورے پر پاکستان آئے تھے اور انہیں رائے ونڈ لے جایا گیا تھا۔ مودی کے دورہ پاکستان پر بھارت میں انڈیا یوتھ کانگریس نے احتجاجی مظاہرہ بھی کیا تھا۔ میروٹ میں ایک ریلی سے خطاب میں مودی کا کہنا تھا کہ اگر کانگریس لوک سبھاانتخابات جیت گئی تو پاکستانی عوام کواس کی زیادہ خوشی ہوگی۔ اس حوالے سے پوچھے گئے سوال پر پریانکا گاندھی نے کہا کہ یہ ان (مودی) کی اپنی سوچ ہے۔