نئی دہلی(سچ نیوز)سابق بھارتی کرکٹر نوجوت سنگھ سدھو کے دورہ پاکستان پر تنقید کے بعد اب یہ بھارت کے ریاستی انتخابات کا موضوع بن گیا، مخالف جماعت کے رہنماﺅں نے تنقید کے باﺅنسر پھینکے تو سابق کرکٹر نے کرارے شاٹ لگائے۔بھارتی پنجاب کے وزیر سیاحت اور کانگریسی لیڈر نوجوت سنگھ سدھو نے کہا کہ وزیراعظم نریندر مودی کو اس بات کی حسد ہے پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان نے اپنی تقریب حلف برداری میں انہیں مدعو نہیں کیا۔اس سے قبل بھارتی جنتا پارٹی(بی جے پی)دہلی یونٹ کے صدر منوج تیواری نے حزب اختلاف کی جماعت کانگریس سے کہا تھا وہ پارٹی رہنماﺅں راج ببر اور نوجوت سنگھ سدھو کے حالیہ بیانات کی وضاحت کرے۔سدھو نے کہا پاکستان میں گرو نانک کانام لینے والے12کروڑ لوگوں کی بات کی گئی،میرے گرو کے در کی بات ہوئی، جس راستے سے ہمیں سوسال محروم رکھا گیا۔ انہوں نے مودی سے سوال کیا میری جپھی آپ کو اس لئے بری لگی۔کرتار پور کا راستہ کھولنے کی بات کی گئی؟سابق کرکٹر نے کہا جب میں پاکستان کے مقابلے میں کھیلتا تھا اور چھکے پر چھکے لگاتاتوتم ربڑکے گڈے کی طرح تالیاں بجاتے تھے، جب میں آپ کےساتھ تھا توبہت اچھاتھا،محب وطن تھا؟انہوں نے کہا کیا میری جپھی رافیل ڈیل تھی۔نوجوت سنگھ سدھو نے 2004 میں بی جے پی میں شمولیت اختیار کی تھی اور امرتسر الیکشن لڑا تھا،انہیں 2016 میں پنجاب سے راجیہ سبھا کے لئے نامزد کیا گیا تھا لیکن عہدہ چھوڑکر پارٹی سے علیحدگی اختیار کرلی تھی اور 2017 میں کانگریس میں شامل ہوگئے تھے۔