اسلام آباد: ( سچ نیوز) عمران خان کا کہنا ہے بھارت کے منفی جواب پر مایوسی ہوئی، بڑے عہدے پر بیٹھے چھوٹے شخص کی سوچ چھوٹی ہی رہتی ہے۔
وزیراعظم عمران خان نے اپنے ٹویٹر پیغام میں کہا ہے کہ بھارت کو امن مذاکرات کی بحالی کی دعوت دی تھی، بھارت نے منفی ردعمل کا اظہار کیا، مشاہدہ کیا کہ اہم عہدوں پر چھوٹے لوگ قابض ہو جاتے ہیں۔
یاد رہے وزیراعظم عمران خان کی جانب سے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے دوران پاک بھارت وزرائے خارجہ کی ملاقات کی تجویز پیش کی گئی تھی جسے بھارت نے گزشتہ روز قبول کر لیا تھا۔ دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ کے درمیان 27 ستمبر کو نیویارک میں ملاقات بھی طے پا گئی تھی۔ مگر پھر بھارت نے ملاقات سے انکار کردیا۔
ادھر امریکا روانگی سے قبل قطر میں میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا بھارت کی جانب سے پاکستان کے پیش کردہ جذبہ خیر سگالی کے پیچھے ہٹنے پر افسوس ہوا، دونوں ممالک کے تصفیہ طلب مسائل کا حل بات چیت میں ہے جس سے پورے خطے کو فائدہ ہوگا، اقوام متحدہ کے جنرل اسمبلی اجلاس میں پاکستان کا موقف بھرپور طریقے سے بیان کیا جائے گا۔