لاہور:(سچ نیوز) بھارت مذاکرات سے مکر گیا، بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ نیویارک میں پاک بھارت وزرائے خارجہ کی ملاقات نہیں ہو گی جبکہ پاکستان سے مذاکرات پر بعد میں غور کیا جائے گا۔
بھارت نے نیویارک میں شیڈول پاک بھارت وزرائے خارجہ کی ملاقات سے منہ موڑ لیا، بھارتی وزارت خارجہ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجیوں کی ہلاکت اور حکومت پاکستان کی جانب سے برہان وانی کے پوسٹل اسٹمپ جاری ہونے کے بعد یہ ملاقات اب ممکن نہیں۔
وزیراعظم عمران خان کی جانب سے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے دوران پاک بھارت وزرائے خارجہ کی ملاقات کی تجویز پیش کی گئی تھی جسے بھارت نے گزشتہ روز قبول کر لیا تھا۔ دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ کے درمیان 27 ستمبر کو نیویارک میں ملاقات بھی طے پا گئی تھی۔
بھارتی اقدام کے بارے میں بات کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ بھارت کی جانب سےایک بار پھر ہچکچاہٹ کامظاہرہ کیا گیا، ملاقات سے معذرت پر حیران بھی ہوں اورتعجب بھی ہوا، بھارتی حکام کی جانب سےذہنی ہم آہنگی دکھائی نہیں دے رہی، لگتا ہے بھارت میں آنے والے انتخابات کی تیاری ہو رہی ہے۔
وزیر خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ خط کے ذریعے بھارت کو مثبت جواب دیا تھا، کسی بھی مسئلے کاحل بات چیت کے ذریعےہی نکالا جاسکتا ہے۔ پاکستان خطے میں امن چاہتا ہے۔