لکھنو(سچ نیوز) بابری مسجد کی جگہ رام مندر کی تعمیر کے حامی اتر پردیش شیعہ سنٹرل وقف بورڈ کے چیئرمین وسیم رضوی نے مودی کے دوبارہ وزیر اعظم منتخب نہ ہونے کی صورت میں بابری مسجد کے سامنے خود کشی کی دھمکی دی ہے۔اپنے ایک بیان میں وسیم رضوی نے کہا کہ بابری مسجد کی جگہ رام مندر کی تعمیر کی حمایت کرنے پر انہیں مسلمانوں کی جانب سے جان سے مارنے کی دھمکیاں دی جارہی ہیں، اگر نریندر مودی لوک سبھا الیکشن ہار گئے تو ان کے پاس خود سوزی کے سوا کوئی دوسرا راستہ نہیں بچے گا۔ ’ اگر 2019 میں مودی کے علاوہ کوئی اور شخص وزیر اعظم بنا تو میں رام مندر کے گیٹ کے سامنے خود کشی کرلوں گا‘۔وسیم رضوی کا کہنا تھا کہ انہیں دھمکیاں دی جارہی ہیں کہ مودی کے اقتدار سے باہر جاتے ہی ان کے جسم کے ٹکڑے ٹکڑے کردیے جائیں گے ۔ ’ میرے لیے بہتر ہوگا کہ کسی دہشتگرد یا ملک دشمن کے ہاتھوں قتل ہونے کے بجائے خود کشی کرلوں‘۔خیال رہے کہ وسیم رضوی بھارت میں مسلمانوں کے نزدیک انتہائی متنازعہ شخصیت ہیں۔ انہوں نے بابری مسجد کی جگہ رام مندر کی تعمیر کی حمایت تو کی ہی تھی لیکن جب سے اتر پردیش میں بی جے پی کی حکومت آئی ہے انہوں نے مسلمانوں کے خلاف ایک محاذ کھول رکھا ہے اور آئے دن مسلمانوں کے خلاف کوئی نہ کوئی بیان دے کر میڈیا کی سرخیوں کی زینت بنے رہتے ہیں۔