گھڑی باغ: (سچ نیوز) جماعت اسلامی پاکستان کے امیر سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ مسلمانوں سے نفرت کرنے والی مودی کی فاشسٹ حکومت ہندوستان کو ٹکڑوں میں تقسیم کرنے کا باعث بنے گی۔ بھارت کشمیر کے مسئلے پر مذاکرات کی زبان نہیں سمجھ رہا، حکومت جہاد فی سبیل اللہ کا اعلان کرے۔
جماعت اسلامی گلگت بلتستان کے زیر اہتمام گھڑی باغ گلگت میں منعقدہ کشمیر بچاؤ جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے سراج الحق نے کہا کہ تحریک آزادی کشمیر فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہو چکی ہے۔ حکومت پاکستان آزادی کی منزل کو حاصل کرنے کے لیے فیصلہ کن کردار ادا کرے۔
ان کا کہنا تھا کہ 80 لاکھ لوگ 60 دنوں سے کرفیو کی زد میں زندگی اور موت کی کشمکش میں عالمی ضمیر کے لیے چیلنج ہیں۔ آج گلگت میں کشمیر بچاﺅ مارچ کے موقع پر اہل گلگت بلتستان سے مشاورت کے لئے یہاں آیا ہوں۔
کشمیر محض ایک تقریر سے نہیں بلکہ اس کی روشنی میں عملی اقدامات سے آزاد ہوگا۔ پوری قوم کو یک زبان اور یک جان ہو کر آزادی کی جنگ لڑنا ہو گی۔