لاہور: (سچ نیوز ) شیخ رشید کا کہنا ہے کہ موجودہ حکومت کو چوروں کا لوٹا ہوا ملک ملا ہے، بدعنوانیوں میں ملوث افراد کو سزا ہو کر ہی رہتی ہے۔
لاہور میں ایک نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ سابقہ حکومت نے ملک کو جی بھر کر لوٹا ہے، ریلوے کے ساتھ بھی بہت ظلم کیا گیا ہے، 22 کروڑ روپے کا انجن 42 کروڑ روپے میں خریدا گیا۔
وفاقی وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ محکمے کی بہتری کے لیے تمام ممکنہ اقدامات اُٹھائے جا رہے ہیں، ریلوے کی آمدنی میں 1 ارب روپے کا اضافہ کیا ہے، متعدد ٹرینوں کے اوقات میں مسافروں کے مطالبے پر تبدیلیاں کی گئی ہیں۔
شیخ رشید نے مزید کہا کہ کراچی سے حیدر آباد کے درمیان شٹل ٹرین شروع کی جائے گی، مال بردار گاڑیوں کو فعال کرنے کے لیے خصوصی ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے، جو بچے ریلوے ٹریک پر گھومتے ملیں گے، اُن کے والدین کو پکڑا جائے گا۔ وزیرریلوے شیخ رشید نے قرار دیا کہ گاڑیوں میں وائی فائی کی سہولیات فراہمی پر بھی کام ہو رہا ہے۔