انقرہ (سچ نیوز) سعودی نژاد امریکی صحافی جمال خاشقجی کے ترکی میں قتل کے واقعے کے بعد اٹھنے والے طوفان کا نازک ترین لمحہ آن پہنچا ہے۔ ترک صدر رجب طیب اردوان نے اعلان کر دیا ہے کہ وہ منگل کے روز جسٹس اینڈ ڈویلپمنٹ پارٹی کے پارلیمانی گروپ کی میٹنگ کے موقع پر اس واقعے سے متعلق تمام سچائی بیان کرنے والے ہیں۔ترک میڈیا کے مطابق ایک تقریب میں خطاب کرتے ہوئے صدر اردوان کا کہنا تھا کہ ”ہم انصاف کے طلب گار ہیں ، مکمل اور واضح سچ کے طلب گار ہیں، یہ کوئی عام معاملہ نہیں ہے۔ منگل کے روز پارٹی کے پارلیمانی گروپ کی میٹنگ میں اہم بیان جاری کروں گا۔ سارا معاملہ کھل کر سامنے آجائے گا۔ “ ترک صدر کے اس بیان کے بعد عالمی میڈیا میں ہلچل برپا ہے کہ منگل کے روز ترکی اس اہم ترین کیس کے حوالے سے بہت بڑے انکشافات کرنے والا ہے۔یاد رہے کہ امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ کے کالم نگار جمال خاشقجی سعودی نژاد امریکی شہری تھے اور سعودی عرب میں اپنی جان کو لاحق خطرات کے باعث امریکا میں جلاوطنی کی زندگی گزار رہے تھے۔ وہ 2 اکتوبر کے روز استنبول میں سعودی قونصل خانے گئے اور پھر کبھی واپس نہیں آئے۔ ترک حکام کا موقف ہے کہ انہیں قونصل خانے میں سعودی حکام کی ایماءپر قتل کر دیا گیا، لیکن سعودی عرب نے ان الزامات کو رد کرتے ہوئے کہا ہے کہ صحافی کی موت قونصل خانے میں ایک جھگڑے کے دوران ہوئی۔