لاہور (سچ نیوز)وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ پاکستان کو اس وقت اندرونی اور بیرونی چیلنجز کا سامنا ہے،ملک نازک ترین دور سے گزر رہا ہے اورموجودہ حالات کے پیش نظرسیاسی قوتوں پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ دور اندیشی اور قومی مفادات کو مقدم رکھیں ۔
نجی ٹی وی کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا کہ یہ وقت اتفاق و اتحاد کا ہے اورقومی یکجہتی اور بھائی چارے کی اہمیت پہلے سے کہیں زیادہ بڑھ گئی ہے ، سب کو ذاتی اختلافات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے اتحاد اور اتفاق کا پیغام دینا ہو گا۔انہوں نے کہا کہ ملک اور قوم کے تابناک مستقبل کے لئے ذاتی مفادات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے سب کو ملکر چلنا ہو گا،ہم سب کو پاکستان کیلئے سوچنا ہے اور پاکستان کے لئے ہی جینا مرنا ہے کیونکہ پاکستان ہے تو ہم سب ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ملک کی ترقی کے لئے اتحاد و اتفاق ناگزیر ہے۔