اسلام آباد: (سچ نیوز) ملکی اور غیر ملکی اثاثے ظاہر کرنے کی سکیم کے اسی ماہ اجرا کی تیاریاں ہیں۔ حکومت سکیم کو سہل اور کامیاب بنانے کے لئے مجوزہ ٹیکس کی شرح میں کمی پر غور کر رہی ہے۔
ایمنسٹی سکیم 2019ء کو فائنل کرنے کا حتمی مرحلہ شروع ہو گیا ہے۔ پاکستان اور ملک سے باہر اثاثے قانونی بنانے کا ایک اور موقع دیتے ہوئے سکیم کو کامیاب بنا کر مطلوبہ نتائج حاصل کرنے کے لئے ٹیکس کی شرح کم کرنے پر غور کیا جا رہا ہے تاہم حتمی فیصلہ کابینہ کرے گی۔
دنیا نیوز کو ملنے والی دستاویز کے مطابق سکیم کا پہلا مرحلہ رواں مالی سال کے ساتھ 30 جون کو مکمل ہو جائے گا۔ اس دوران بے نامی اثاثوں پر 5 فیصد ٹیکس ادا کرنا ہوگا۔ 30 ستمبر تک 10 فیصد ٹیکس دے کر غیر قانونی اثاثوں کو قانونی حیثیت دلائی جا سکے گی۔
اکتوبر سے دسمبر 2019ء تک ٹیکس کی شرح 20 فیصد ہوگی۔ سکیم کا آخری مرحلہ 31 دسمبر 2019ء کو مکمل کئے جانے کی تجویز ہے۔
دستاویز کے مطابق پراپرٹی کو 30 جون سے پہلے صرف ایک فیصد ٹیکس ادائیگی سے قانونی حیثیت دلوائی جا سکے گی جبکہ 30 ستمبر سے پہلے 2 فیصد اور 31 دسمبر سے پہلے 4 فیصد ٹیکس ادائیگی سے پراپرٹی کلئیر ہو جائے گی۔ بیرون ملک اثاثے کلئیر کرانے سے پہلے پاکستان منتقل کرنا ہوں گے۔