نئی دہلی(سچ نیوز) بھارت میں دوران پرواز غلطی سے ہائی جیک الرٹ کنٹرول ٹاور کو بھیجنے والے معاون پائلٹ کو معطل کر دیا گیا۔بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق نئی دہلی سے سری نگر جانے والی ایئر ایشیا انڈیا کی پرواز کے دوران انجن میں کچھ خرابی پیدا ہوگئی تھی جس پر پائلٹ نے معاون کپتان کو ایمرجنسی کوڈ کنٹرول ٹاور کو بھیجنے کا کہا تاہم معاون پائلٹ روی راج نے 7700 کوڈ کے بجائے 7500 کوڈ بھیج دیا جو صرف طیارہ ہائی جیک ہوجانے پر بھیجا جاتا ہے۔ایکسپریس کے مطابق اس کے کوڈ کے وصول ہوتے ہی کنٹرول ٹاور میں ہلچل مچ گئی اور پرواز کی منزل کشمیر ہونے کے باعث پہلی ساعت میں ہی ایوی ایشن کو لگا کہ طیارے کو عسکریت پسندوں نے اغوا کرلیا ہے جس سے اہلکاروں کی دوڑیں لگ گئیں۔ غلطی کا ادراک ہونے کے بعد طیارے کو چندی گڑھ پر اتارا گیا اور انجن کی خرابی دور کرنے کے بعد منزل کی جانب روانہ کر دیا گیا۔سول ایوی ایشن نے اس غیر معمولی واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے انکوائری کمیٹی تشکیل دی تھی جس نے معاون پائلٹ کو سنگین غلطی کا مرتکب پانے پر 3 ماہ کے لیے معطل کر دیا جب کہ پائلٹ کو مزید ہوشیار اور چوکنا رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔