لندن: (سچ نیوز) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے مقبوضہ جموں وکشمیر پر سلامتی کونسل کا اجلاس بلانے پر چین کا شکریہ ادا کیا ہے۔
اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے اپنے جاری بیان میں کہا ہے کہ سلامتی کونسل مقبوضہ جموں وکشمیر کے عوام کے خود ارادیت کے ناقابل تنسیخ حق کے وعدے کو پورا کرے۔ 162 دن سے زائد عرصہ سے مسلسل کرفیو ختم کرانے کے لئے بھارتی درندگی کے خلاف عملی اقدام اٹھایا جائے۔
شہباز شریف نے کہا کہ سلامتی کونسل کے اجلاس نے جموں وکشمیر میں حالات معمول پر ہونے کا بھارتی پراپیگنڈا دفن کر دیا ہے۔ مقبوضہ جموں وکشمیر مسلمہ تنازع ہے، بھارت کا اندرونی معاملہ نہیں، یہ سچائی بھارتی جھوٹ سے چھپ نہیں سکتی۔
ان کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر کے مظلوم عوام کے حقوق کے لئے اپنا کردار پوری قوت سے ادا کرتے رہیں گے۔ کشمیر کے بہادر عوام نے تحریک آزادی کے چراغ کی لو کم نہیں ہونے دی۔ آزادی جموں وکشمیر کے عوام اور شکست بھارت کا مقدر ہے۔