نئی دہلی(سچ نیوز) مقبوضہ کشمیر،بڑوں کے رویے سے دلبرداشتہ ایک اور بھارتی فوجی نے سروس رائفل سے خود کشی کر لی ۔میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی فوج کا کہنا ہے کہ مرنے والا اہلکار ” رام چرن “ راجوڑی میں بی ایس ایف کی 126ویں بٹالین سے وابستہ تھا اور بی ایس ایف کے سندر بنی ہیڈ کوارٹر میں تعینات تھا۔رام چرن نے اپنی سروس رائفل سے گولی گردن پر چلا کر زندگی کا خاتمہ کر لیا۔فائرنگ کی آواز سن کر اس کے ساتھی اہلکار موقع پر پہنچے اور اسے فوری طور پر زخمی حالت میں ہسپتال لے جانے کی کوشش کی گئی تاہم وہ ہسپتال کے راستے میں ہی دم توڑ گیا۔ڈاکٹروں نے اس کی موت کی تصدیق کرتے ہوئے لاش اہلکاروں کے سپرد کر دی ،رام چرن کی لاش کو اس کے آبائی علاقے روانہ کر دیا گیا۔فوجی حکام نے مزید کہا کہ رام چرن کی خود کشی کی وجوہات کا علم نہیں ہو سکا، تاہم پولیس نے خود کشی کا مقدمہ درج کر لیا ہے اور تفتیش جاری ہے ۔دوسری جانب رام چرن کے ساتھی اہلکاروں نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر میڈیا کو بتایا ہے کہ رام چرن کافی عرصے سے وادی میں تعینات تھا اور وہ احکام بالا کے رویے سے دلبرداشتہ تھا۔رام چرن وادی سے تبادلہ چاہتا تھا لیکن اس کی عرضی کئی بار مسترد کر دی گئی تھی جبکہ وہ کسی گھریلو معاملے پر سخت پریشان تھا اور گھر جانے کےلئے چھٹی بھی نہیں مل رہی تھی۔