ممبئی (سچ نیوز) معروف گلوکار سونو نگم کو بیماری کے باعث آئی سی یو میں داخل کرانا پڑگیا ہے۔ انہوں نے سی فوڈ کھایا تھا جس کے باعث انہیں شدید الرجی ہوئی اور چہرہ بری طرح سوج گیا۔سونو نگم نے انسٹاگرام پر اپنی 2 تصاویر شیئر کی ہیں جس میں ان کی حالتِ زار دیکھی جاسکتی ہے۔ ایک تصویر میں سونو نگم کا چہرہ بری طرح سوجا ہو ا نظر آرہا ہے جبکہ دوسری تصویر میں انہیں آئی سی یو میں آکسیجن ماسک لگا کر رکھا گیا ہے۔سونو نگم نے بتایا کہ وہ اڑیسہ اور جے پور میں کنسرٹ کرنے گئے تھے۔ اس دوران انہوں نے سی فوڈ کھایا جس کے باعث انہیں شدید قسم کی الرجی ہوگئی اور انہیں فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا۔ گلوکار کو آئی سی یو میں رکھ کر طبی امداد فراہم کی گئی جس سے ان کی حالت سنبھل گئی۔سونونگم نے بتایا کہ اگر قریب ہی ہسپتال نہ ہوتا اور انہیں بروقت طبی امداد نہ ملتی تو الرجی کے باعث ان کی سانس کی نالی میں مزید سوجن ہوجاتی جس کے باعث دم گھٹ جاتا اور ان کی موت بھی واقع ہوسکتی تھی۔