کراچی(سچ نیوز )پاکستانی اداکارہ رمشا خان نے شادی کے بعد شوبز انڈسٹری سے کنارہ کشی اختیار کرنے کا فیصلہ کرلیا۔نجی نیوز چینل اے آر وائی نیوز کے مطابق رمشا خان نے کہا کہ میں نے انڈسٹری میں کامیاب پانچ سال گزارے ہیں اور اس مقام تک پہنچنے کے لیے بہت محنت کی لیکن شادی کے بعد میرے لیے کیریئر جاری رکھنا ناممکن ہوگا۔انہوں نے کہا کہ مجھے گھریلو کاموں میں دلچسپی نہیں ہے لیکن اب مختلف مزے مزے کی اشیابنانا سیکھ رہی ہوں تاکہ شادی کے بعد انہیں ان سب چیزوں پر عبور حاصل ہوجائے۔واضح رہے کہ رمشا خان نے ناصرف متعدد ڈراموں میں کامیاب اداکاری کی بلکہ اے آر وائی ڈیجیٹل میں حالیہ ان کا ڈرامہ ’کیسا ہے نصیباں‘ میں مداحوں کی جانب سے ان کی کارکردگی کو خوب سراہا گیا، ڈرامے میں اداکارہ کے ساتھ منیب بٹ نے منفی کردار ادا کیا تھا۔ڈراموں کے لیے رمشا نے 2017 میں ایک فلم ’تھوڑا جی لے‘ میں مرکزی کردار ادا کیا تھا۔رمشا خان کا نئی آنے والی فلم ’سپر اسٹار‘ ہے جو عید الاضحیٰ پر بڑے پردے کی زینت بنے گی، فلم میں ماہرہ خان اور بلال اشرف مرکزی کردار ادا کررہے ہیں۔