نئی دہلی (سچ نیوز) کچھ فلموں کا اختتام ایسے موڑ پر ہوتا ہے کہ دیکھنے والے شدت سے یہ جاننا چاہتے ہیں کہ اس میں موجود کردار کیساتھ آگے کیا ہوا ہو گا؟ اور ایسی فلمیں ’سیکوئل‘ کا مطالبہ کرتی ہیں لیکن کسی بھی فلم کا سیکوئل بنانا بھی آسان نہیں ہوتا اور فوری طور پر بنانا تو تقریباً ناممکن ہی لگتا ہے۔
بالی اداکار سلمان خان کی 2003ءمیں ریلیز ہونے والی فلم ”تیرے نام“ بھی ایسی ہی فلموں میں سے ایک ہے جس میں وہ ایک جنونی عاشق کے کردار میں نظر آئے اور ان کے مدمقابل بھومیکا چاولا نے کردار ادا کیا اور اب 16 سال کے طویل عرصے کے بعد بالی ووڈ ڈائریکٹر ستیش نے اس کا ’سیکوئل‘ بنانے کا فیصلہ کر لیا ہے جس کی تصدیق انہوں نے بھارتی خبر رساں ادارے ’ممبئی مرر‘ سے گفتگو کرتے ہوئے کی۔
ستیش نے بتایا کہ انہوں نے فلم کا سکرپٹ تیار کر لیا ہے اور جلد ہی وہ اس پر کام شروع کر دیں گے البتہ انہوں نے یہ نہیں بتایا کہ اس فلم کے سیکوئل میں بھی سلمان خان ہی مرکزی کردار ادا کریں گے یا پھر کوئی اور اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے گا۔ ستیش نے کہا کہ ’ہاں! یہ سچ ہے، میں تیرے نام پارٹ 2 بنا رہا ہوں جو ایک لو سٹوری ہے، ابھی میں صرف اتنا ہی بتا سکتا ہوں۔“
ایک اور خبر رساں ادارے نے ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ ستیش فلم کے سیکوئل کیلئے سلمان خان کیساتھ رابطے میں ہیں اور انہیں راضی کرنے میں بھی کامیاب ہو جائیں گے کیونکہ دونوں کے درمیان بہت ہی گہرا اور اچھا تعلق ہے۔ اگرچہ فلم کی کہانی کے حوالے سے بھی کوئی تفصیلات سامنے نہیں آئیں مگر ذرائع کا اس حوالے سے بھی دعویٰ ہے کہ ’تیرے نام پارٹ 2‘ نارتھ انڈیا کے ایک گینگسٹر کی لو سٹوری ہے۔