لاہور( سچ نیوز )مختلف ٹی وی چینلز پرکام کرنے والی معروف خاتون اینکر مہوش تبسم نے میڈیااور پاکستان کا چھوڑنے کا عندیہ دے دیا۔ایک یو ٹیوب چینل کو دیئے گئے انٹرویو میں مہوش تبسم نے بتایا کہ گزشتہ برس اگست میں ان کا نکاح ہوچکا ہے اور ان کے شوہر آسٹریلیا میں الیکٹریکل انجینئر ہیں۔ انہوں نے بتایا ان کا منصوبہ یہی ہے کہ وہ رخصتی کے بعد اپنے شوہر انس کے ساتھ آسٹریلیا منتقل ہوجائیں گی لیکن دیکھتے ہیں کہ اللہ پاک نے کیا پلان کیا ہے۔
انہوں نے کہا ممکن ہے رخصتی کے بعد ان کا میڈیا کا وقت ختم ہوجائے لیکن وہ اپنے تجربے کو ضائع نہیں کریں گی۔انہوں نے کہا چھ سال سے وہ اس شعبہ میں ہیں اب دوسروں کو موقع ملنا چاہئے۔ انہوں نے کہا میڈیا میں جاب کرنا آسان نہیں ،شروع میں کیریئر میں آنا آسان ہے مگر جوں جوں وقت گزرتا ہے یہ مشکل ہوجاتا ہے،کیونکہ مقابلہ بہت زیادہ ہے۔ایک سوال کے جواب میں مہوش تبسم جو اب اپنا نام مہوش انس لکھنے لگی ہیں نے بتایا کہ انہوں نے آسٹریلیا میں کام کے حوالے سے ابھی باقاعدہ کچھ نہیں سوچا کہ آگے کیا کرنا ہے ۔آپشن بہت ہیں لیکن ابھی کچھ سوچا نہیں۔
مہوش اےآر وائی اور بول نیوز سمیت متعدد چینل میں کام کا تجربہ رکھتی ہیں۔