ممبئی(سچ نیوز)پاکستان اور بھارت سمیت دنیا بھر میں مسلمان آج عید الفطر انتہائی جوش جذبے کے ساتھ منا رہے ہیں ،سعودی عرب سمیت کئی ممالک میں آج عید کا دوسرا دن ہے ،عید الفطر کے پر مسرت موقع پر مسلمان ایک دوسرے کی خوشیوں میں نہ صرف شریک ہوتے ہیں بلکہ اُن لوگوں کی بھی دل کھول کر مدد کی جاتی ہے جو غربت کی وجہ سے عید کی خوشیوں سے محروم ہیں ،مسلمان ایک دوسرے کو عید کی مبارکباد کے پیغامات بھیجتے ہیں ،ایسے میں ہندوستانی فلمی ستاروں نے بھی مسلماںوں کو عید کی مبارکباد کے پیغامات بھیجے ہیں ۔بھارتی نجی ٹی وی کے مطابق ہندوستانی فلم انڈسٹری کے معروف ستاروں نے مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے مسلمانوں کو عید الفطر کی مبارکباد دی ہے ۔بالی ووڈ کنگ اور معروف اداکار امیتابھ بچن نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا ہے کہ عید مبارک، محبت ، امن اور بھائی چارے کے ساتھ۔یوسف خان المعروف دلیپ کمار کے آفیشل ٹوئٹر ہینڈل سے بھی ایک فوٹو شیئر کرتے ہوئے عید کی مبارک باد دی گئی ہے۔ڈریم گرل ہیما مالنی نے بھی عید کی مبارک باد پیش کی ہے۔اکشے کمار نے لکھا ہے آپ اور آپ کے گھر والوں کے لئے یہ دن خوشیاں، امن اور خوشحالی لے کر آئے۔پریانکا چوپڑا نے بھی عید کی مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ تہوار دنیا میں چاروں طرف پیار ، خوشیاں اور امن لےکر آئے۔شردھا کپور نے لکھا سبھی کو عید مبارک ، آئیں ہمیشہ پیار ، یکجہتی ، خوشیاں اور ساری اچھی چیزوں کو پھیلانے کی پوری کوشش کریں۔سوناکشی سنہا نے بھی مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ پر اپنی نقاب والی تصویر شیئر کرتے ہوئے عید مبارک کہا جبکہ شاہد کپور نے بھی عید الفطر کی مبارکباد دی ہے ۔کرن جوہر نے بھی دنیا بھر کے مسلمانوں کو عید الفطر کی مبارکباد دی ہے ۔حیران کن امر یہ ہے کہ بالی ووڈ کے تینوں بڑے ’’خانز ‘‘(شاہ رخ ،سلمان ،اور عامر خان ) میں سے کسی ایک نے بھی عید الفطر کی مبارکباد نہیں دی ۔